آر ایس ایس کے صد سالہ جشن میں 50 سے زائد سفیروں کی شرکت

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 28-08-2025
آر ایس ایس کے صد سالہ جشن میں 50 سے زائد سفیروں کی شرکت
آر ایس ایس کے صد سالہ جشن میں 50 سے زائد سفیروں کی شرکت

 



نئی دہلی: راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (RSS) کے صد سالہ جشن میں بدھ کے روز تقریباً دو درجن ممالک کے 50 سے زیادہ سفیروں اور ہائی کمشنروں نے شرکت کی۔ تقریب کے دوسرے دن شریک معزز مہمانوں میں امریکہ کے فرسٹ سیکریٹری گیری ایپلگارٹ، امریکہ کے منسٹر-کونسلر (سیاسی امور) آرون کوپ، چین کے منسٹر-کونسلر جھو گُوہوئی، روس کے فرسٹ سیکریٹری میخائل زایتسیف، سری لنکا کے ہائی کمشنر پردیپ موسنی اور ملیشیا کے ہائی کمشنر داتو مُجافر شامل تھے۔

اس کے علاوہ، ازبکستان کے کونسلر اُلوگبیک رِضایف، قزاقستان کے کونسلر دیمسگ سیزدیکوف اور اسرائیل کے سفیر رووین ازرم بھی پروگرام میں موجود رہے۔ تین روزہ یہ تقریب "آر ایس ایس کے 100 سال: نئے افق" کے عنوان کے تحت منگل کے روز وگیان بھون، نئی دہلی میں شروع ہوئی۔

پہلے دن کے خطبے میں آر ایس ایس کے سربراہ موہن بھاگوت نے ہندوستان کے مستقبل اور "سویم سیوکوں" کے کردار پر اپنے خیالات پیش کیے۔ تیسرے دن وہ شرکا کے سوالات کے جوابات دیں گے۔ غیر ملکی نمائندوں کے لیے تقاریر کا براہ راست ترجمہ انگریزی، فرانسیسی اور ہسپانوی زبانوں میں کیا گیا۔

آر ایس ایس نے اپنے صد سالہ سالگرہ کے موقع پر پورے ملک میں ایک بڑے عوامی رابطہ مہم شروع کرنے کا منصوبہ بنایا ہے، جس کے تحت ایک لاکھ سے زیادہ "ہندو کانفرنسیں" منعقد کی جائیں گی۔ اس مہم کا آغاز 2 اکتوبر کو ناگپور میں واقع تنظیم کے ہیڈکوارٹر سے موہن بھاگوت کی تقریر کے ساتھ ہوگا۔ ساتھ ہی صد سالہ سال کے دوران گھر گھر رابطہ مہم چلانے کا بھی منصوبہ ہے۔