نئی دہلی: سپریم کورٹ نے تمام ریاستوں کو حکم دیا ہے کہ وہ یتیم بچوں کو حق تعلیم (رائٹ ٹو ایجوکیشن) کے تحت نجی اسکولوں میں مفت تعلیم حاصل کرنے کے لیے شامل کریں۔ جسٹس بی وی ناگرَتنا اور جسٹس کے وی وشناتھن پر مشتمل بنچ نے ہدایت دی ہے کہ تمام ریاستیں کمزور طبقے اور پسماندہ گروہوں کے بچوں کے لیے مقررہ 25 فیصد کوٹے میں یتیم بچوں کو بھی شامل کرنے کے لیے ایک نوٹیفکیشن جاری کریں۔
عدالت نے یہ بھی کہا کہ یہ نوٹیفکیشن چار ہفتوں کے اندر جاری کی جائے، اور اس کے بعد اس کی اطلاع سپریم کورٹ کو دی جائے۔ سماعت کے دوران بنچ نے کہا:میگھالیہ، سکم، اروناچل پردیش، گجرات اور دہلی جیسے ریاستیں اس ضمن میں پہلے ہی نوٹیفکیشن جاری کر چکی ہیں، اس لیے دیگر ریاستوں کو بھی چار ہفتے میں یہی قدم اٹھانا ہوگا۔
عدالت نے یہ واضح کیا کہ مذکورہ ریاستوں نے پہلے ہی رائٹ ٹو ایجوکیشن ایکٹ کی دفعہ 12(1)(c) کے تحت یتیم بچوں کو شامل کرنے کے لیے نوٹیفکیشن جاری کیا ہے، لہٰذا دیگر ریاستوں کو بھی ایسا ہی نوٹیفکیشن جاری کرنا ہوگا۔ عدالت نے ہدایت دی کہ یہ عمل چار ہفتے کے اندر مکمل کیا جائے اور اس کے بعد ریاستیں سپریم کورٹ کو آگاہ کریں۔