لداخ کے مزید 102 گاؤں کو آرگینک سرٹیفکیٹ

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 27-07-2026
لداخ کے مزید 102 گاؤں کو آرگینک سرٹیفکیٹ
لداخ کے مزید 102 گاؤں کو آرگینک سرٹیفکیٹ

 



لیہ/جموں: لداخ کے لیفٹیننٹ گورنر وی کے سکسینہ نے پیر کو کرگل، دراس، زنسکار اور شام علاقوں کے 102 دیہات کو نامیاتی (آرگینک) کاشتکاری کا سرٹیفکیٹ عطا کیا۔ اس کے ساتھ ہی لداخ میں آرگینک سرٹیفائیڈ دیہات کی مجموعی تعداد 207 ہو گئی ہے۔

وی کے سکسینہ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر کہا، "مجھے فخر ہے کہ کل کرگل، دراس، زنسکار اور شام کے 102 دیہات کو آرگینک سرٹیفکیشن دیا گیا، جو لداخ کو مکمل طور پر آرگینک خطہ بنانے کی سمت ایک اہم قدم ہے۔ اس کے ساتھ لداخ میں آرگینک سرٹیفائیڈ دیہات کی تعداد 207 تک پہنچ گئی ہے۔"

حکومتِ ہند کی پرمپراگت کرشی وکاس یوجنا (PKVY) کے تحت کلسٹر ماڈل اور پارٹیسپیٹری گارنٹی سسٹم (PGS) کے ذریعے آرگینک دیہات کو فروغ دیا جاتا ہے۔ اس منصوبے کے تحت کیمیکل سے پاک کھیتی، زرعی وسائل اور منڈی تک رسائی کے لیے مالی تعاون بھی فراہم کیا جاتا ہے۔

حکام کے مطابق، یہ اقدام وزیر اعظم نریندر مودی کے نامیاتی زراعت کے فروغ، ماحولیات کے تحفظ اور مٹی کی صحت بہتر بنانے کے وژن کے مطابق ہے۔ لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ اس اہم اقدام سے ہمالیائی ماحولیات کا تحفظ ہوگا، مٹی اور آبی وسائل محفوظ رہیں گے اور موسمیاتی تبدیلیوں سے ہم آہنگ زرعی نظام کو فروغ ملے گا۔

انہوں نے کہا کہ آرگینک ویلیو چین کو مضبوط بنا کر لداخ کو ایک مثالی مکمل آرگینک مرکز کے طور پر قائم کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کسانوں کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ ان کی کوششیں پائیدار زرعی تبدیلی کا ذریعہ بن رہی ہیں اور لداخ کو ایک مکمل آرگینک مرکز کے طور پر نئی شناخت دلانے میں اہم کردار ادا کریں گی۔