نئی دہلی/ آواز دی وائس
اگر آپ بھی آن لائن فوڈ آرڈر کرتے ہیں تو یہ خبر آپ کے کام کی ہے۔ بتادیں کہ آن لائن فوڈ ڈیلیوری ایپس زوماتو، سوئگی اور میجک پن نے اپنے پلیٹ فارم کی فیس بڑھا کر پورے ملک میں لاکھوں صارفین کو جھٹکا دیا ہے۔ دراصل حال ہی میں جی ایس ٹی کاؤنسل کی میٹنگ میں حکومت نے ای-کامرس اور کوئیک کامرس پلیٹ فارمز کی ڈیلیوری سروس پر 18 فیصد جی ایس ٹی لگانے کا اعلان کیا تھا۔ ڈیلیوری چارج پر یہ 18 فیصد جی ایس ٹی 22 ستمبر سے نافذ ہونے والا ہے، جس سے خرچ مزید بڑھ سکتا ہے۔
کس پلیٹ فارم نے کتنا چارج بڑھایا؟
سوئگی :فوڈ ڈیلیوری ایپ سوئگی نے منتخب شہروں میں اپنا پلیٹ فارم چارج جی ایس ٹی سمیت 15 روپے کر دیا ہے۔
زوماٹو: زوماٹو نے جی ایس ٹی کے علاوہ الگ سے 12.50 روپے فی آرڈر پلیٹ فارم چارج مقرر کیا ہے۔
میجک پن: میجک پن نے اپنا پلیٹ فارم چارج 10 روپے فی آرڈر رکھا ہے۔
ہماری ساتھی فائنینشل ایکسپریس ہندی کے مطابق، 22 ستمبر سے نافذ ہونے والے نئے جی ایس ٹی کے بعد زوماتو کے صارفین کو تقریباً 2 روپے اور سوئگی کے گاہکوں کو تقریباً 2.6 روپے فی آرڈر اضافی خرچ برداشت کرنا پڑ سکتا ہے۔
صارفین پر کیا اثر پڑے گا؟
میجک پن کے ترجمان نے کہا کہ ان کی کمپنی پہلے ہی اپنی فوڈ ڈیلیوری لاگت پر 18 فیصد جی ایس ٹی ادا کر رہی ہے۔ ترجمان نے مزید کہا کہ جی ایس ٹی میں حالیہ تبدیلیاں ہمارے لاگت کے ڈھانچے کو متاثر نہیں کرتیں۔ اس لیے صارفین پر جی ایس ٹی تبدیلی کا کوئی اثر نہیں پڑے گا۔ ہمارا پلیٹ فارم چارج فی آرڈر 10 روپے ہی رہے گا، جو دیگر بڑی فوڈ ڈیلیوری کمپنیوں کے مقابلے میں سب سے کم ہے۔
سوئگی اور زوماتو کو بھیجے گئے ای میل کا اب تک کوئی جواب نہیں ملا ہے۔
فوڈ ڈیلیوری کمپنیوں کے لیے اضافی آمدنی کا ذریعہ
پلیٹ فارم چارج فوڈ ڈیلیوری کمپنیوں کے لیے اضافی کمائی کا ذریعہ بن گیا ہے۔ زوماتو، سوئگی اور میجک پن کی یہ ایک ساتھ بڑھوتری اس بات کا اشارہ دیتی ہے کہ ملک میں فوڈ ڈیلیوری سیکٹر کی لاگت لگاتار بڑھ رہی ہے۔ اب یہ سوال اٹھتا ہے کہ لاکھوں صارفین کے لیے کیا سہولت اور کفایتی قیمت ساتھ ساتھ چل پائیں گی؟