ایس آئی آر پر بحث کا مطالبہ،اسپیکر اوم برلا کو اپوزیشن کا خط

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 01-08-2025
ایس آئی آر پر بحث کا مطالبہ،اسپیکر اوم برلا کو اپوزیشن کا خط
ایس آئی آر پر بحث کا مطالبہ،اسپیکر اوم برلا کو اپوزیشن کا خط

 



نئی دہلی: لوک سبھا میں قائدِ حزبِ اختلاف راہل گاندھی سمیت کئی اپوزیشن جماعتوں کے رہنماؤں نے جمعہ کو لوک سبھا اسپیکر اوم برلا کو خط لکھ کر مطالبہ کیا کہ بہار میں ووٹر فہرست کے خصوصی گہرے تجدیدِ نظر (Special Intensive Revision - SIR) پر پارلیمنٹ میں فوری خصوصی بحث کرائی جائے۔

برلا کو لکھے گئے اپنے خط میں اپوزیشن کے ارکان پارلیمنٹ نے بہار اسمبلی انتخابات سے چند ماہ قبل ایس آئی آر کی مشق پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔ اس خط پر دستخط کرنے والوں میں لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی، ایوان میں کانگریس کے نائب رہنما گورو گوگوئی، ڈی ایم کے کے ٹی آر بالو، این سی پی (شرد پوار دھڑا) کی سپریا سولے، ریولیوشنری سوشلسٹ پارٹی (آر ایس پی) کے این کے پریم چندرن، سماجوادی پارٹی کے لال جی ورما، ترنمول کانگریس کی کاکولی گھوش دستیدار، شیو سینا (ادھو دھڑا) کے اروِند ساونت، اور راشٹریہ جنتا دل کے ابھی کمار سنہا شامل ہیں۔

اپوزیشن کے ارکان پارلیمنٹ نے اپنے خط میں کہا: ہم بہار میں ووٹر فہرست کی تجدید پر، خاص طور پر ریاستی اسمبلی انتخابات سے کچھ ماہ پہلے کی جا رہی اس مشق پر اپنی شدید تشویش ظاہر کرنا چاہتے ہیں۔ یہ ایک غیر معمولی قدم ہے۔ الیکشن کمیشن نے اشارہ دیا ہے کہ جلد ہی ملک بھر میں اسی طرح کا عمل اپنایا جائے گا۔ اس عمل کی شفافیت، وقت اور مقصد کو لے کر کئی طرح کے شکوک و شبہات ہیں، اس لیے ایوان کو اس پر فوری توجہ دینی چاہیے۔

انہوں نے اس بات کا ذکر کیا کہ حزب اختلاف پارلیمنٹ کے مانسون اجلاس کے آغاز سے ہی اس معاملے کو مسلسل اٹھا رہا ہے۔ خط میں کہا گیا ہے: اتوار، 20 جولائی کو ہونے والی آل پارٹی میٹنگ سمیت، حکومت سے متعدد بات چیت میں بھی یہ معاملہ بار بار اٹھایا گیا۔ حالانکہ حکومت نے اس اور دیگر مسائل پر بحث کرنے کی خواہش ظاہر کی ہے، لیکن اب تک اس طرح کی بحث کے لیے کوئی تاریخ مقرر نہیں کی گئی ہے۔

اپوزیشن رہنماؤں نے کہا کہ ووٹر فہرست کی تجدید کا براہ راست اثر ووٹنگ کے حق اور آزاد و منصفانہ انتخابات پر پڑتا ہے۔ انہوں نے برلا کو لکھے گئے خط میں کہا: لوک سبھا میں ایک خصوصی بحث سے ارکان کو وضاحت حاصل کرنے اور شفافیت و جوابدہی کو یقینی بنانے کا موقع ملے گا۔ اس لیے ہم آپ سے گزارش کرتے ہیں کہ ووٹر فہرست کی تجدید پر فوری طور پر ایک خصوصی بحث کرائی جائے۔

اپوزیشن جماعتیں گزشتہ کئی دنوں سے پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں اور پارلیمنٹ کے باہر ایس آئی آر کے خلاف احتجاج کر رہی ہیں۔ پارلیمنٹ کمپلیکس میں جمعہ کو بھی کانگریس صدر ملیکارجن کھڑگے اور کئی دیگر اپوزیشن رہنماؤں نے مظاہرے میں شرکت کی۔