ایس آئی آر پر بحث کے مطالبے پر اپوزیشن سمجھوتہ نہیں کرے گی: کانگریس

Story by  PTI | Posted by  Aamnah Farooque | Date 06-08-2025
ایس آئی آر  پر بحث کے مطالبے پر اپوزیشن سمجھوتہ نہیں کرے گی: کانگریس
ایس آئی آر پر بحث کے مطالبے پر اپوزیشن سمجھوتہ نہیں کرے گی: کانگریس

 



نئی دہلی / آواز دی وائس
کانگریس نے بدھ کو کہا کہ ووٹر لسٹ کے خصوصی گہرے ازسرنو جائزے (ایس آئی آر) پر پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں بحث کے مطالبے پر حزب اختلاف کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔ پارٹی کے جنرل سکریٹری جے رام رمیش نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ ایس آئی آر کے ذریعے ’’ووٹ بندی اور ووٹ چوری‘‘ کی سازش رچی گئی ہے۔
رمیش نے ’ایکس‘ پر اپنے پوسٹ میں کہا کہ راجیہ سبھا میں چیئرمین کا عہدہ ایک مستقل ادارہ ہے، اس پر کون بیٹھا ہے اس سے فرق نہیں پڑتا۔ کل راجیہ سبھا کے ڈپٹی چیئرمین نے یہ فیصلہ دیا کہ 14 دسمبر 1988 کو اس وقت کے لوک سبھا اسپیکر نے کہا تھا کہ الیکشن کمیشن سے متعلق کوئی بھی موضوع پارلیمنٹ میں بحث کے قابل نہیں ہے، اس لیے اس پر بحث نہیں ہو سکتی۔
انہوں نے کہا کہ مودی حکومت کے ذریعے ہی مقرر کیے گئے راجیہ سبھا کے چیئرمین (دھنکھڑ) نے 21 جولائی 2023 کو واضح طور پر فیصلہ دیا تھا کہ 'راجیہ سبھا اس زمین پر موجود کسی بھی موضوع پر بحث کرنے کے لیے مجاز ہے، سوائے ایک کے۔
کانگریس لیڈر نے کہا کہ انہوں نے یہ بھی واضح کیا تھا کہ ’’یہ واحد پابندی‘‘ ججوں کے رویے سے متعلق ہے، وہ بھی صرف اسی صورت میں جب ان کے برطرفی کا تجویز زیر التوا ہو۔
ان کے مطابق، دھنکھڑ نے یہ بھی کہا تھا کہ عدالت میں زیر غور معاملے کے تصور کو مکمل طور پر غلط سمجھا گیا ہے۔ رمیش نے کہا کہ حزب اختلاف کو بار بار یہ یاد دلایا جاتا ہے کہ پارلیمنٹ کی کارروائی ضابطوں اور روایات پر چلتی ہے تو پھر 21 جولائی 2023 کو راجیہ سبھا کے چیئرمین کے ذریعے دیے گئے اس فیصلے کو جان بوجھ کر کیوں نظرانداز کیا جا رہا ہے؟
انہوں نے کہا کہ پورے حزب اختلاف کا یہ مطالبہ ہے کہ بہار میں الیکشن کمیشن کے ذریعے ’’جی 2‘‘ کے ذریعے رچی جا رہی ووٹ بندی اور ووٹ چوری کی سازش - جسے اب مغربی بنگال، آسام اور دیگر ریاستوں میں دہرایا جانا ہے، پر لوک سبھا اور راجیہ سبھا میں بحث ہو۔ دونوں ایوانوں میں اس مطالبے پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔