نئی دہلی: آج پارلیمنٹ میں بہار میں ووٹر لسٹ کے خصوصی گہری نظرثانی کو لے کر اپوزیشن جماعتوں نے زبردست ہنگامہ کیا۔ اپوزیشن نے اسے آئین اور جمہوریت کا قتل قرار دیتے ہوئے ایوان سے واک آؤٹ کیا۔ اس کے بعد ایوان کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے آپ کے رکنِ پارلیمنٹ سنجے سنگھ نے الزام لگایا کہ حکومت اتنے بڑے انتخابی گھوٹالے پر بحث سے بھاگ رہی ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ دہلی میں مرکزی وزیروں کے گھروں سے 35-35 جعلی ووٹ بنائے گئے۔ یہی کام مہاراشٹر، ہریانہ اور دیگر ریاستوں میں بھی ہوا۔ وہیں کانگریس کے رکنِ پارلیمنٹ راجیو شکلا نے کہا کہ جعلی ووٹ تیار کیے جا رہے ہیں اور اصلی ووٹروں کے نام لسٹ سے مٹائے جا رہے ہیں۔ بغیر بحث کے بل پاس کرنا پارلیمانی روایت کے خلاف ہے، اسی لیے وہ واک آؤٹ کر گئے۔
اس معاملے پر کانگریس رہنما رندیپ سنگھ سرجے والا نے کہا، ’’ووٹ مٹانا غداری سے کم نہیں۔ بہار میں ایس آئی آر کے ذریعے 65 لاکھ ووٹ مٹائے گئے، یہ اعداد و شمار 80-90 لاکھ تک پہنچ سکتے ہیں۔ یہی عمل آسام میں جاری ہے اور بنگال سمیت پورے ملک میں اس کی تیاری ہے۔ اس سے ’ون مین، ون ووٹ‘ کا حق ختم ہو جائے گا۔‘‘ انہوں نے الزام لگایا کہ غریب، دلت، آدی واسی، پسماندہ اور اقلیتی برادریوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
اپوزیشن الیکشن کمیشن پر ’’ووٹ چوری‘‘ کے الزامات لگا رہی ہے۔ عام آدمی پارٹی نے بھی الزام لگایا کہ انتخابی عمل کے نام پر صرف دھوکہ دہی ہو رہی ہے۔ اسی دوران عام آدمی پارٹی نے کانگریس پر بھی الزامات لگائے۔ آپ کی ترجمان پرینکا ککڑ نے کہا کہ کانگریس نے ہمیشہ صرف اپنے مفاد میں ہی چنندہ غصہ ظاہر کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج جس انتخابی عمل میں دھوکہ دہی ہو رہی ہے، اس میں کانگریس کا بھی بڑا ہاتھ ہے۔ ہم نے انہیں بتایا کہ کس طرح انل مسیح کی طرف سے ووٹ میں چھیڑ چھاڑ کی گئی، تب بھی کچھ نہیں بولا گیا۔ پھر جب ہم نے دہلی میں بی جے پی کے جعلی ووٹرز جوڑنے کا انکشاف کیا، تب بھی کانگریس خاموش رہی۔