لوک سبھا میں اپوزیشن کا ہنگامہ

Story by  PTI | Posted by  Aamnah Farooque | Date 22-07-2025
لوک سبھا میں اپوزیشن کا ہنگامہ
لوک سبھا میں اپوزیشن کا ہنگامہ

 



نئی دہلی/ آواز دی وائس
لوک سبھا میں منگل کے روز مختلف معاملات کو لے کر حزبِ اختلاف کی جماعتوں کے ممبران نے ہنگامہ کیا، جس کے باعث ایوان کی کارروائی شروع ہونے کے چند ہی منٹوں بعد دوپہر تک ملتوی کر دی گئی۔
مانسون اجلاس کے دوسرے دن، ایوانِ زیریں کی کارروائی جیسے ہی شروع ہوئی، اپوزیشن ممبران ہنگامہ آرائی کرنے لگے۔ انہوں نے بہار میں ووٹر لسٹ کے خصوصی گہرے جائزے ، پہلگام میں دہشت گردانہ حملے، ’آپریشن سیندور‘ کو روکنے، اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ثالثی سے متعلق دعووں جیسے کئی موضوعات پر بحث کا مطالبہ کرتے ہوئے احتجاج کیا۔
مرکزی وزیر زراعت شیوراج سنگھ چوہان نے کہا کہ آج سوال و جواب کے وقت کسانوں کے مسائل پر بحث ہونی ہے، اس لیے اپوزیشن کو ایوان کو چلنے دینا چاہیے۔
لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا نے اپوزیشن کے ممبران سے اپیل کی کہ وہ اپنی نشستوں پر واپس جائیں اور ایوان کی کارروائی کو چلنے دیں۔ انہوں نے کہا کہ  کیاآپ لوگ ملک کے کسانوں اور ان کے مسائل پر بات نہیں کرنا چاہتے؟ اگر آپ صرف ہنگامہ کرنے کے لیے تختیاں لے کر آئیں گے، تو یہ ایوان کی روایت کے مطابق نہیں ہے۔ آپ لوگ اپنی جگہ پر بیٹھیں، اور ایوان کو چلنے دیں۔
لیکن جب ہنگامہ جاری رہا، تو اسپیکر نے تقریباً 11 بج کر 3 منٹ پر ایوان کی کارروائی کو دوپہر 12 بجے تک ملتوی کر دیا۔