نئی دہلی/ آواز دی وائس
بہار میں ووٹر لسٹ کے خصوصی جائزہ کے خلاف پیر کو پارلیمنٹ ہاؤس کے احاطے میں اپوزیشن اتحاد ‘انڈیا’ (انڈین نیشنل ڈیولپمنٹل اِنکلیوسو الائنس) کی اتحادی جماعتوں کے ممبران نے احتجاج کیا۔ راجیہ سبھا میں اپوزیشن کے رہنما اور کانگریس کے صدر ملکارجن کھڑگے کی قیادت میں اپوزیشن جماعتوں کے ممبران نے ’’ووٹ چور، گدی چھوڑ‘‘ اور ’’ووٹ چوری بند کرو‘‘ کے نعرے لگائے۔
احتجاج کر رہے ممبران نے ’’ووٹ چوری‘‘ لکھا ہوا ایک بڑا بینر ہاتھوں میں پکڑا ہوا تھا اور ایسے پوسٹر بھی تھامے ہوئے تھے جن پر ’’ایس آئی آر کو روکو‘‘ لکھا تھا۔ کانگریس، ترنمول کانگریس، دراوڑ منیترا کڑگم ، راشٹریہ جنتا دل ، سماج وادی پارٹی اور بائیں بازو کی جماعتوں کے رہنما پارلیمنٹ کے مکر دروازے کے باہر پوسٹر اور بینر کے ساتھ دیکھے گئے۔
اپوزیشن کی جانب سے چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کے خلاف مواخذے کی تجویز لانے پر غور کیے جانے کی قیاس آرائیوں کے درمیان، کانگریس رہنما ناصر حسین نے صحافیوں سے کہا کہ وہ یہ یقینی بنانے کے لیے ہر جمہوری طریقہ اختیار کریں گے کہ چیف الیکشن کمشنر ’غیر جانبدار‘ رہیں۔
اپوزیشن پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں ایس آئی آر کے خلاف احتجاج کر رہا ہے اور الزام لگا رہا ہے کہ الیکشن کمیشن کی یہ مشق اس سال کے آخر میں ہونے والے بہار اسمبلی انتخابات سے پہلے ’’ووٹرز کو حقِ رائے دہی سے محروم کرنے‘‘ کے مقصد سے کی جا رہی ہے۔ اپوزیشن اراکین دونوں ایوانوں میں اس مسئلے پر بحث کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
۔21 جولائی کو پارلیمنٹ کا مانسون اجلاس شروع ہونے کے بعد سے، دونوں ایوانوں میں بہت کم کام کاج ہوا ہے، کیونکہ ایس آئی آرکے مسئلے پر اپوزیشن ممبران کے ہنگامے کے باعث ایوان کی کارروائی بار بار متاثر ہوتی رہی ہے۔