نئی دہلی: لوک سبھا میں صدرِ جمہوریہ کے خطاب پر شکریہ کی تحریک پر بحث کے دوران قائدِ حزبِ اختلاف راہل گاندھی کو بولنے کی اجازت نہ دینے اور بعض دیگر معاملات کے پس منظر میں اپوزیشن نے منگل کو لوک سبھا اسپیکر اوم برلا کو عہدے سے ہٹانے کے لیے تحریک لانے سے متعلق نوٹس لوک سبھا کے سیکریٹری جنرل کو سونپ دیا۔
لوک سبھا سیکریٹریٹ کے ذرائع نے اپوزیشن کی جانب سے نوٹس موصول ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اس پر غور کیا جائے گا اور قواعد کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔ ایوانِ زیریں میں کانگریس کے نائب قائد گورو گوگوئی، کانگریس کے چیف وہپ کوڈیکُنِل سریش، رکنِ پارلیمنٹ محمد جاوید اور دیگر اراکین نے یہ نوٹس لوک سبھا کے سیکریٹری جنرل کو پیش کیا۔
اس نوٹس پر کانگریس، سماجوادی پارٹی، ڈی ایم کے اور کئی دیگر اپوزیشن جماعتوں کے 100 سے زائد ارکانِ پارلیمنٹ نے دستخط کیے ہیں، تاہم ترنمول کانگریس کے ارکان نے اس نوٹس پر دستخط نہیں کیے۔ گورو گوگوئی نے کہا کہ یہ نوٹس آئین کے آرٹیکل 94 (سی) کے تحت تحریک پیش کرنے سے متعلق لوک سبھا سیکریٹریٹ کو دیا گیا ہے۔
گزشتہ دو فروری کو صدرِ جمہوریہ کے خطاب پر شکریہ کی تحریک کے دوران راہل گاندھی کو سابق آرمی چیف ایم ایم نرونے کی غیر شائع شدہ یادداشت سے متعلق موضوع اٹھانے کی اجازت نہ دیے جانے، ایوان کی توہین کے معاملے میں اپوزیشن کے آٹھ ارکان کی معطلی اور دیگر مسائل کے باعث ایوان میں تعطل کی صورتحال بنی ہوئی ہے۔
اپوزیشن کا الزام ہے کہ لوک سبھا میں اپوزیشن رہنماؤں کو بولنے کا موقع نہیں دیا جا رہا، جبکہ حکمراں جماعت کے اراکین کو ہر طرح کی بات کہنے کی آزادی حاصل ہے۔