نئی دہلی/ آواز دی وائس
بہار میں جاری ووٹر لسٹ کے خصوصی گہرے نظرثانی کے معاملے پر حزبِ اختلاف کے ارکانِ پارلیمنٹ نے پیر کے روز بھی لوک سبھا میں ہنگامہ کیا، جس کے باعث ایوان کی کارروائی شروع ہونے کے صرف 10 منٹ بعد دوپہر 2 بجے تک ملتوی کر دی گئی۔ ایوان کی کارروائی شروع ہوتے ہی لوک سبھا اسپیکر اوم برلا نے سوال و جواب کا دور شروع کرایا، لیکن اسی دوران حزبِ اختلاف کی جماعتوں کے اراکین ایس آئی آر کے مسئلے پر بحث کا مطالبہ کرنے لگے۔
ایوان میں دوسری بڑی حزبِ اختلافی جماعت، سماج وادی پارٹی کی ممبر پارلیمنٹ رُچی ویرا نے ہنگامہ آرائی کے دوران ہی محنت و روزگار کی وزارت سے متعلق ضمنی سوالات کیے، جن کا جواب وزیر منسُکھ منڈاوِیا نے دیا۔ لوک سبھا اسپیکر نے ہنگامہ کر رہے ممبران سے اپنی نشستوں پر بیٹھنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ میں پہلے بھی آپ سے کہہ چکا ہوں اور ایک بار پھر کہہ رہا ہوں کہ سوال و جواب کا وقت بہت اہم ہوتا ہے۔
انہوں نے ممبران کی نعرے بازی اور تختیاں دکھانے پر مایوسی کا اظہار کیا اور کہا کہ حزبِ اختلاف کے اراکین کا رویہ پورا ملک دیکھ رہا ہے۔ جب ہنگامہ نہیں رکا تو اسپیکر نے ممبران کی کارروائی صبح 11 بج کر 10 منٹ پر دوپہر 2 بجے تک ملتوی کر دی۔
یاد رہے کہ پارلیمنٹ کا مانسون اجلاس 21 جولائی کو شروع ہوا تھا اور نچلے ایوان (لوک سبھا) میں اب تک صرف دو دن، یعنی گزشتہ منگل اور بدھ کو ہی سوال و جواب کا وقت ہو پایا ہے۔