نئی دہلی/ آواز دی وائس
دہلی ہوائی اڈے پر پیر کے روز خراب حدِ نگاہ کے باعث 60 سے زائد پروازیں منسوخ کر دی گئیں جبکہ پانچ پروازوں کو دوسرے متبادل ہوائی اڈوں کی جانب موڑنا پڑا۔ ایک عہدیدار نے یہ جانکاری دی۔ دہلی ہوائی اڈے کے آپریٹر ڈی آئی اے ایل نے صبح 10 بجے کے کچھ ہی دیر بعد سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں بتایا کہ گھنے کہرے کی وجہ سے پروازوں کی آمد و رفت اب بھی متاثر ہے۔
ڈی آئی اے ایل نے کہا، “ہمارے اہلکار مسافروں کی مدد کے لیے اور تمام ٹرمینلز پر ضروری سہولیات فراہم کرنے کے مقصد سے تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔ عہدیدار کے مطابق اب تک ہوائی اڈے پر 61 پروازیں منسوخ کی جا چکی ہیں اور پانچ پروازوں کے راستے (منزل) تبدیل کیے گئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ 250 سے زائد پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں۔
انڈیگو ایئرلائن نے ایک بیان میں کہا کہ گھنے کہرے کے باعث کم حدِ نگاہ (کم از کم سطح سے بھی نیچے) نے دہلی اور شمالی ہندوستان کے دیگر ہوائی اڈوں پر پروازوں کے آپریشن کو شدید طور پر متاثر کیا ہے، جو بدقسمتی سے ہمارے کنٹرول سے باہر ہے۔ ایئرلائن نے مزید کہا کہ موجودہ موسمی حالات کے پیشِ نظر آپریشن میں تبدیلیاں کی جا رہی ہیں، جس کے باعث کچھ پروازوں میں تاخیر ہو سکتی ہے، جبکہ مسافروں کی حفاظت کو ترجیح دینے اور ہوائی اڈے پر طویل انتظار کو کم کرنے کے لیے دن کے دوران کچھ دیگر پروازیں احتیاطاً منسوخ بھی کی جا سکتی ہیں۔
تاہم، انڈیگو نے یہ واضح نہیں کیا کہ اس کی کتنی پروازیں منسوخ ہوئیں اور کتنی تاخیر کا شکار ہوئیں۔ ایئرلائن نے کہا کہ اس کی ٹیم صورتحال پر “قریب سے نظر رکھے ہوئے ہے” اور دہلی ہوائی اڈے کے حکام کے ساتھ قریبی رابطے میں ہے۔