آپریشن سندور اب بھی جاری ہے:سی ڈی ایس

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 25-07-2025
آپریشن سندور اب بھی جاری ہے:سی ڈی ایس
آپریشن سندور اب بھی جاری ہے:سی ڈی ایس

 



نئی دہلی: سی ڈی ایس جنرل انیل چوہان نے کہا کہ آپریشن سندور اب بھی جاری ہے، اور افواج کو ہر وقت اعلیٰ ترین چوکسی کے ساتھ تیار رہنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ جنگ کے لیے ہتھیار (شستر) اور علم (شاستر) دونوں ضروری ہیں۔ جمعہ کو چیف آف ڈیفنس اسٹاف (CDS) جنرل انیل چوہان نے کہا کہ آپریشن سندور ابھی ختم نہیں ہوا ہے، اور ہماری افواج کو دن کے 24 گھنٹے، سال کے 365 دن ہر حالت میں تیار رہنا چاہیے۔

انہوں نے زور دیا کہ جنگ صرف ہتھیاروں سے نہیں بلکہ علم، یعنی حکمت اور معلومات سے بھی لڑی جاتی ہے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ آج کی جنگ روایتی اور جدید طریقوں کا امتزاج ہے، جس میں کائنیٹک (یعنی ہتھیار پر مبنی) اور نان-کائنیٹک (یعنی معلومات پر مبنی) دونوں قسم کی حکمت عملی شامل ہوتی ہے۔ یہ جنگ کی پہلی، دوسری اور تیسری نسل کی تکنیکوں کا مجموعہ ہے۔

جمعرات کو مرکزی حکومت نے پارلیمنٹ میں بتایا کہ آپریشن سندور 7 مئی کو شروع کیا گیا تھا، جو کہ 22 اپریل کو پہلگام میں ہوئے دہشت گرد حملے کے بعد ہندوستان کی جوابی کارروائی تھی۔

راجیہ سبھا میں وزیر مملکت برائے امور خارجہ، کیرتی وردھن سنگھ نے کہا کہ یہ آپریشن دہشت گردی کے ڈھانچے کو تباہ کرنے اور دہشت گردوں کو ختم کرنے پر مرکوز تھا۔ ہندوستان کی کارروائی مربوط، نپی تلی اور اشتعال انگیزی سے دور تھی۔ جب حکومت سے پوچھا گیا کہ کیا یہ آپریشن بین الاقوامی دباؤ کے تحت شروع کیا گیا، تو وزارت خارجہ نے واضح کیا کہ یہ ہندوستان کا خود مختار اور مضبوط ردعمل تھا۔

حکومت نے بتایا کہ پاکستان نے ہندوستانی شہری اور فوجی ٹھکانوں پر حملے کی کوشش کی تھی، لیکن ہندوستانی افواج نے ان تمام بڑے حملوں کو ناکام بنا دیا۔ آپریشن سندور کے تحت ہندوستان نے پاکستان اور پاکستان کے زیر قبضہ کشمیر (POK) میں موجود جیشِ محمد، حزب المجاہدین اور لشکرِ طیبہ جیسے دہشت گرد تنظیموں کے 9 اڈوں کو تباہ کیا اور 100 سے زائد دہشت گردوں کو ہلاک کیا۔

ہندوستان نے پاکستانی ایئر بیسز اور فوجی ٹھکانوں کو بھی نشانہ بنایا، خاص طور پر اس وقت جب پاکستان نے ہندوستانی فوجی اور شہری علاقوں پر حملہ کرنے کی کوشش کی۔ چار دن کی مسلسل جوابی کارروائی کے بعد، پاکستان کے ڈائریکٹر جنرل آف ملٹری آپریشنز (DGMO) نے اپنے ہندوستانی ہم منصب سے رابطہ کیا اور جنگ بندی کی پیشکش کی۔ 10 مئی کو دونوں ملکوں کے درمیان جنگ بندی پر رضامندی حاصل ہو گئی۔