نئی دہلی: مرکزی تفتیشی بیورو نے ایک بڑے بین الاقوامی سائبر فراڈ گروہ کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ممبئی میں اس کے سرغنہ کو گرفتار کر لیا ہے۔ اس کارروائی کو آپریشن چکر-وی کا نام دیا گیا ہے، جس کے تحت ممبئی اور احمد آباد میں متعدد مقامات پر چھاپے مارے گئے۔
گرفتار ہونے والے ملزم کا نام پرنس جشونت لال آنند ہے، جو رائل ٹائیگر گینگ کا سرغنہ ہے۔ یہ گروہ امریکہ اور کینیڈا کے شہریوں کو کال کر کے خود کو حکومتی افسر ظاہر کرتا تھا اور جھوٹے مقدمات میں ملوث کرنے کی دھمکیاں دے کر ان سے پیسے وصول کرتا تھا۔
یہ رقم کرپٹو کرنسی میں وصول کی جاتی تھی تاکہ ٹریس نہ ہو سکے۔ امریکی وفاقی کمیونیکیشن کمیشن نے اس گروہ کو خطرناک فراڈ گروہ قرار دیا ہے۔ سی بی آئی نے ملزم کے قبضے سے کئی سائبر فراڈ سے متعلق شواہد برآمد کیے ہیں، جن میں جعلی کال سینٹر کا سیٹ اپ، پہلے سے تیار کردہ اسکرپٹس، کینیڈا کے پولیس کے جعلی شناختی کارڈز اور بیجز، 45 ہزار ڈالر کی ڈیجیٹل کرنسی، لگژری گاڑیاں، قیمتی اشیاء، غیر ملکی دوروں کے ثبوت اور بے شمار دولت شامل ہیں۔
ملزم کو عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں سے اسے چار دن کی ریمانڈ پر بھیج دیا گیا ہے۔ مزید تفتیش جاری ہے تاکہ اس ریکٹ میں ملوث دیگر افراد کا پتا چلایا جا سکے۔ سی بی آئی نے کہا ہے کہ وہ سائبر جرائم کے خلاف سخت کارروائی جاری رکھے گی اور عالمی ایجنسیوں کے ساتھ مل کر ایسے گروپوں کا خاتمہ کرے گی۔