لکھنو/اعظم گڑھ: جامعۃ الفلاح بلریہ گنج اعظم گڑھ کے مایہ ناز سپوتوں اور علمی و سماجی دنیا کی معروف شخصیات عزیرزاہد فلاحی، جناب عبدالمبین فلاحی اور حکیم ابو ذر فلاحی علیگ کی وفات پر گزشتہ شام ایک آن لائن تعزیتی نشست کا اہتمام کیا گیا۔ اس نشست میں ملک بھر سے علمی و ادبی شخصیات نے شرکت کی اور مرحومین کی خدمات اور ان کے علمی اکتسابات کو کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
تعزیتی نشست کی صدارت ڈاکٹر طارق احسن جنیدی (ایسوسی ایٹ پروفیسر علم الصیدلہ، یونانی میڈیکل کالج اندھیری، ممبئی) نے کی۔ پروگرام کی نظامت کے فرائض ڈاکٹر عمیر منظر (شعبہ مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی، لکھنؤ کیمپس) نے نہایت خوش اسلوبی سے انجام دیے۔آغاز میں قران پاک کی تلاوت اور ترجمہ سید خالد سیف اللہ الحسن والحسینی نے پیش کیا۔
تعزیتی نشست سے خطاب کرتے ہوئے زبیر خان سعیدی، رضوان فلاحی(لندن)، ڈاکٹر ضیاء الرحمن فلاحی۔مولانا محمد اسماعیل فلاحی ،مولانا محمد عمران خان،ڈاکٹر محمد ارشد اور ڈاکٹر امتیاز وحید نے مرحومین کی زندگی کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔ مقررین نے کہا کہ:
> "تینوں برادران کا بیک وقت رخصت ہونا علمی حلقوں اور فلاحی برادری کے لیے ایک بڑا سانحہ ہے۔ ان کی زندگی دعوتِ دین، انسانیت کی خدمت اور علمی جستجو سے عبارت تھی، جسے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔"
تقریباً ڈیڑھ گھنٹہ جاری رہنے والی اس نشست کا اختتام ڈاکٹر جاوید سلطان فلاحی (مہتمم تعلیم و تربیت جامعۃ الفلاح) کی رقت آمیز دعا پر ہوا۔ انہوں نے مرحومین کے حق میں مغفرت اور درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعا فرمائی اور پسماندگان کے لیے صبرِ جمیل کی تلقین کی۔
اس آن لائن نشست میں بڑی تعداد میں وابستگانِ فلاح اور محبین نے شرکت کر کے اپنی عقیدت کا اظہار کیا۔