آن لائن سٹہ بازی ایپ معاملہ: ای ڈی نے یووراج سنگھ کا بیان درج کیا

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 23-09-2025
آن لائن سٹہ بازی ایپ معاملہ: ای ڈی نے یووراج سنگھ کا بیان درج کیا
آن لائن سٹہ بازی ایپ معاملہ: ای ڈی نے یووراج سنگھ کا بیان درج کیا

 



نئی دہلی: ہندوستان کے سابق اسٹار کرکٹر یووراج سنگھ آن لائن سٹہ بازی ایپ ‘ون ایکس بیٹ (OneXBet)’ سے جڑے منی لانڈرنگ کے معاملے میں پوچھ گچھ کے لئے منگل کو انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کے سامنے پیش ہوئے۔ 43 سالہ یووراج سنگھ سفید ٹی شرٹ اور جینز میں دوپہر 12 بجے ایجنسی کے دفتر پہنچے۔

افسران نے بتایا کہ ایجنسی نے اس آل راؤنڈر سے پوچھ گچھ کی اور منی لانڈرنگ روک تھام قانون (PMLA) کے تحت ان کا بیان درج کیا۔ اسی معاملے میں ایک انفلونسر انوےشی جین بھی ای ڈی کے سامنے پیش ہوئیں۔ ای ڈی اس سے پہلے کرکٹرز سریش رائنا، شیکھر دھون، رابن اوتھپا، ترنمول کانگریس کی سابق رکن پارلیمان اور بنگالی اداکارہ ممی چکرورتی، اداکار انکُش ہاجرا سے بھی پوچھ گچھ کر چکی ہے۔ اداکار سونو سود کو بدھ کے روز پوچھ گچھ کے لئے طلب کیا گیا ہے۔

یہ سٹہ بازی ایپ چلانے کی جانچ، ای ڈی کی ان پلیٹ فارمز کے خلاف بڑی کارروائی کا حصہ ہے جن پر کروڑوں روپے کی دھوکہ دہی اور بالواسطہ و بلاواسطہ ٹیکسوں کی بھاری چوری کے الزامات ہیں۔ اس تفتیش کے تحت آنے والے دنوں میں کچھ اور کھلاڑیوں، فلمی اداکاروں، آن لائن انفلوئنسرز اور مشہور شخصیات سے بھی پوچھ گچھ کئے جانے کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق، ای ڈی جلد ہی ان افراد کی جائیداد ضبط کرنے کا عمل بھی شروع کر سکتا ہے جنہوں نے اس ایپ کی تشہیری سرگرمیوں سے مبینہ طور پر مجرمانہ آمدنی حاصل کی اور استعمال کی۔ بعد میں عدالت میں چارج شیٹ بھی داخل کی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق، ایجنسی کی تفتیش کا مقصد یہ جاننا ہے کہ سٹہ بازی کمپنی نے ان مشہور شخصیات سے حمایت حاصل کرنے کے لئے کس طرح رابطہ کیا، ہندوستان میں اس کا نودل شخص کون تھا، ادائیگی کا طریقہ (ہنڈی/حوالہ یا بینکنگ چینل کے ذریعے نقد)، اور ادائیگی کی جگہ (ہندوستان یا بیرون ملک) کیا تھی۔

سمجھا جاتا ہے کہ ایجنسی کرکٹرز اور اداکاروں کے بیانات درج کرتے وقت ان سے یہ بھی پوچھ رہی ہے کہ کیا انہیں علم تھا کہ ہندوستان میں آن لائن سٹہ بازی اور گیمنگ غیر قانونی ہے۔ ایجنسی نے ان سے اس ایپ کے ساتھ کئے گئے معاہدوں، تمام متعلقہ ای میلز اور کاغذی دستاویزات کی نقول بھی طلب کی ہیں۔