پیازکی ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کے ٹھکانوں پرچھاپہ ماری

Story by  غوث سیوانی | Posted by  [email protected] | 2 Years ago
پیازکی ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کے ٹھکانوں پرچھاپہ ماری
پیازکی ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کے ٹھکانوں پرچھاپہ ماری

 

 

ناسک: ایشیا میں پیازکی سب سے بڑی منڈی ناسک (مہارشٹر) منڈی میں ہلچل مچ گئی ہے۔ محکمہ انکم ٹیکس کے ذریعہ چھاپہ ماری21 سے23 اکتوبر تک جاری رہی۔لاسلگاؤں اور پمپلگاؤں کے15 تاجروں سے 26 کروڑ کی نقدی اور 100 کروڑ روپے کے بے نامی اثاثوں کا پتہ لگایا گیا ہے۔

منڈی کمیٹی کے ارکان کا کہنا ہے کہ جب پیداوار زیادہ ہوتی ہے تو بڑے تاجر پیاز ذخیرہ کر لیتے ہیں۔ جب بازار میں پیاز کی قلت ہوتی ہے تو وہ اسے دوگنا یا تین گنا قیمت پر بیچ کر بھاری منافع کماتے ہیں۔

کسانوں کا کہنا تھا کہ پیاز خریف، دیر خریف اور ربیع کے سیزن میں کاشت کی جاتی ہے۔ اس میں کسان اور تاجر ربیع کے پیاز کی زیادہ پیداوار کی وجہ سے ذخیرہ اندوزی کرتے ہیں۔ وہ عام طور پر اپریل سے ستمبر تک بازار میں پیاز فروخت کے لیے رکھتے ہیں۔

اس کے بعد ربیع کی پیاز فروخت کی جاتی ہے۔ اس وقت آمد میں کمی کی وجہ سے قیمتیں بڑھ جاتی ہیں۔ اس صورت میں تاجروں کو تین گنا منافع ملتا ہے۔

ذرائع کے مطابق پیاز کی قیمت ہر سال ستمبر سے نومبر تک بڑھ جاتی ہے۔ اس دوران ریٹیل مارکیٹ میں پیاز کی قیمت 35 سے 55 روپے فی کلو ہے۔

باقی وقت یہ 15 سے 20 روپے فی کلو کے حساب سے فروخت ہوتی ہے۔ اس میں قیمت بڑھے تو کسانوں کو منافع ملے گا، ایسی کوئی بات نہیں ہے۔ کیونکہ تاجر کسانوں سے 10 سے 12 روپے فی کلو کے حساب سے پیاز خریدتے ہیں۔

اس کے ساتھ ہی پیاز کے بڑے تاجر بڑے پیمانے پر ذخیرہ اندوزی کرتے ہیں اور دوگنی یا تین گنی قیمت پر فروخت کرتے ہیں۔ کچھ تاجروں کا نیٹ ورک دہلی سمیت کئی بڑے شہروں میں ہے۔

برآمد بھی کرتے ہیں۔ ناسک کے تاجروں پر چھاپہ مارنے سے پہلے انکم ٹیکس ڈپارٹمنٹ نے ان پر نظر رکھی تھی۔ ان کے بینکنگ لین دین کو بھی چیک کیا جا رہا ہے۔ پیاز کی آمد کم ہونے کی وجہ سے ملک میں قلت ہے۔

پمپلگاؤں اور ناسک کے پیاز کے تاجروں پر چھاپوں کے دوران 159 افسران اور اہلکاروں کی ایک بڑی ٹیم نے چار دنوں تک چھاپے مارے۔ افسران کو 26 کروڑ کی نقدی گنے اور بے نامی جائیداد کا حساب لگانے میں 19 گھنٹے لگے۔