ایک آکسیجن سیلنڈر،پانچ مریض:جگاڑسے نکلاراستہ

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 04-05-2021
جگاڑسے نکلاراستہ
جگاڑسے نکلاراستہ

 

 

چتوڑ گڑھ(راجستھان) کا بیگوعلاقہ بھی کورونا کی زد میں ہے۔ مریض زیادہ نکل رہے ہیں اور آکسیجن کی کمی کے سبب پریشانی ہورہی ہے۔ کہا جاتا ہے کہ’’ ضرورت ایجاد کی ماں ہے‘‘ اور کہاوت کو صحیح ثابت کردیا یہاں کے کچھ اسپتال والوں اور مریضوں کے تیمارداروں نے۔

یہاں بیگوکے اسپتال میں بھی ایسا ہی ہوتاہوا دیکھا گیا۔ بیگو اسپتال میں کسی مریض کے بستر پر آکسیجن لگانے کی سہولیات موجود نہ تھی۔ جب سنگین مریض آتے ہیں تو انھیں دوسرے اسپتالوں میں ریفر کر دیاجاتاہے۔

ان دنوں کرونا کے مریضوں کے رش کے پیش نظر ، بیگوکے مسلمانوں نے کوویڈ سنٹر پر 5 بستروں پرآکسیجن لگانے کی پیش کش کی۔ساتھ ہی پانچ بیڈ اسپتال میں بھی لگانے کوکہا۔ اس کا پورا خرچ مسلمانوں کوبرداشت کرناتھا۔ سب ڈویژن آفیسر کی منظوری کے بعد ، مسلمانوں کی جانب سے ، بیگو ہسپتال میں پانچ بیڈ اور کوڈ سنٹر میں پانچ بیڈ بنائے گئے۔

حالانکہ مسئلہ آکسیجن سلنڈرکا تھا جس کی ملک میں بہت زیادہ کمی ہے۔ اتنے آکسیجن لانا جوئے شیرلانے جیساہے۔چنانچہ 5 بستروں پر مریضوں کو آکسیجن فراہم کرنے کے لئے دونوں مقامات پر جگاڑ بنایا گیا۔ بیگو اسپتال میں کام کرنے والے لیب ٹیکنیشن عابد حسین نے بتایا کہ 5 بیڈز لگائے جانے پر 5 سلنڈر لگانا آسان نہیں تھا۔

آکسیجن سلنڈر کم دستیاب ہیں لیکن ان پر ریگولیٹرز بالکل دستیاب نہیں ہیں۔ ایسی صورتحال میں ، بیگو کے ایک مکینک کو خیال آیاکہ بیک وقت ایک ہی سلنڈر سے پانچوں بیڈوں تک آکسیجن لے جانے کا جگاڑ بنایا جائے۔ اس طرح ایک مستری نورمحمد کو اسپتال بلایا گیا اور پانچ بستروں پر سلنڈر سے آکسیجن کی فراہمی کا آئیڈیا ان کے سامنے رکھا۔ مستری نور محمد اور انصاری نے مشترکہ طور پر ایک پائپ لائن بچھائی۔

پائپ لائن کو سلنڈر سے جوڑدیا اور اس میں ایک چھوٹی سی پائپ لائن ڈال دی اور پانچوں بستروں پر آکسیجن کی فراہمی کی۔ جگاڑ کے ذریعے ہی آکسیجن کی سپلائی کی مقدار کم اور زیادہ کرنے کا نظام بھی بنایا گیا۔

بیک وقت 5 بستروں تک آکسیجن کی فراہمی کا انتظام کرنے والے نور محمد نے بتایا کہ اس طرح مریضوں کو آکسیجن فراہم کی جاسکتی ہے۔ کسی بھی مریض کو کم یا زیادہ آکسیجن دینا طبی عملے کے لئے آسان ہوجائےگا۔

سلنڈروں کے مناسب ریگولیٹر کی عدم فراہمی کی وجہ سے ، ایک سلنڈر سے 5 بستروں پر اسپتال میں دونوں کو لائنز بنا کر آکسیجن کی فراہمی کی جا رہی ہے۔ عابد حسین نے بتایا کہ چتوڑ گڑھ اور بھلواڑہ سے مریض بیگو آ رہے ہیں اور آکسیجن خدمات لے رہے ہیں۔