کولکاتا: مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے منگل کو مغربی بنگال اسمبلی انتخابات کو ریاست کو دراندازوں سے آزاد کرانے کا موقع قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) اقتدار میں آئی تو میرٹ کی بنیاد پر نوجوانوں کو ہر سال ایک لاکھ نوکریاں فراہم کی جائیں گی۔
مغربی بردوان کے صنعتی مراکز آسنسول اور برکار کے مضافاتی علاقے کلٹی میں دن کی اپنی دوسری انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے شاہ نے کہا کہ بی جے پی ملک کے لوہے کی پیداوار کے مرکز کی صنعتی شناخت کو بحال کرے گی اور مقامی نوجوانوں کے لیے روزگار کو یقینی بنائے گی۔
انہوں نے کہا، کلٹی کبھی ملک میں لوہے کی پیداوار کا مرکز ہوا کرتا تھا، لیکن ممتا بنرجی کی قیادت والی ریاستی حکومت نے اسے بدحال کر دیا ہے۔ ہم اس لوہے کے شہر کو اس کی پرانی شناخت دلائیں گے، غیر قانونی کان کنی کو روکیں گے، علاقے میں آلودگی پھیلانے والی ‘اسپنج آئرن’ پیداوار پر مؤثر پابندی لگائیں گے اور مقامی نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کریں گے۔
مرکزی وزیر نے ترنمول حکومت پر اہل امیدواروں کی نوکریاں چھین کر نااہل لوگوں کو فروخت کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا، بی جے پی وعدہ کرتی ہے کہ اقتدار میں آنے پر وہ بنگال میں ہر سال ایک لاکھ نوجوانوں کو میرٹ کی بنیاد پر روزگار دے گی۔ شاہ نے یہ بھی وعدہ کیا کہ ریاست میں بی جے پی کے اقتدار میں آنے پر ’’دراندازوں سے پاک بنگال‘‘ بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ نئی حکومت ’’ریاست میں پنپ رہے سنڈیکیٹ، مافیا اور غنڈہ راج‘‘ کا بھی خاتمہ کرے گی۔