'حیدرآباد: 'چار مینار' کو لگے'چار چاند

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | 2 Years ago
'حیدرآباد: 'چارمینار' کو لگے 'چار چاند
'حیدرآباد: 'چارمینار' کو لگے 'چار چاند

 

 

 شیخ محمد یونس : حیدد آباد

 تاریخی شہر حیدرآباد میں اتوار کی شام ایک بہار آئی۔ جب تاریخی چارمینار کے دامن میں روشنیوں اور خوشیوں کا سیلاب آگیا۔ ہزاروں افراد نے ’ایک شام چار مینارکے نام ‘‘ میں شرکت کی ۔جس نے دنیا کے سامنے چار مینارکی ایک خوبصورت تصویر پیش کی ،ایک ایسا ماحول بنا دیا جس نے اہل حید رآباد کو کورونا لہر کے بعد پہلی بڑی خوشی کا احساس دلایا۔ محفل مشاعرہ نے چار چاند لگا دئیے ۔چار مینا رمیں اپنی نوعیت کے منفرد تہذیبی و تفریحی پروگرام کا بڑے پیمانے پر انعقاد ہوا۔ 'ایک شام چارمینار کے نام 'پروگرام زبردست کامیاب رہا۔ پروگرام میں مرد و خواتین اور بچوں کے ہمراہ ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ روشنیوں اور میوزک نے اہل حیدر آباد کو ایک نئے تجربہ سے ہمکنار کیا ۔

مختلف تہذیبی اور تفریحی پروگرامس

تاریخی چارمینار ترنگے کے رنگ میں نہایا ہوا تھا اور سب کو اپنی جانب راغب کر رہا تھا۔پرانا شہر میں پہلی مرتبہ چارمینار کے دامن میں عوام کی کثیر تعداد مختلف تفریحی پروگرامس سے لطف اندوز ہوئی۔عوام کی دلچسپی کیلئے لیزر اینڈ لائٹ شو' موسیقی ریز پروگرام' جادوگرو ں اور فنکاروں کے دم بخود کردینے والے مظاہروں کے علاوہ دکنی مزاحیہ مشاعرہ کا بھی اہتمام کیا گیا۔شام 4جے سے پروگرام کا آعاز عمل میں آیا جو نصف شب تک جاری رہا۔پروگرام میں زبردست جوش و خروش دیکھا گیا۔

awazurdu

چار مینار پر امڈپڑا حیدر آباد 

درجنوں اسٹالس کا قیام

ایک شام چارمینار کے نام پروگرام میں تقریباً 60اسٹالس قائم کئے گئے تھے جن میں اشیاء خوردنوش جیسے کباب' شورمہ ' بریانی' پستہ ہائوز حلیم' فیمس آئس کریم' چاٹ بھنڈار' لسی' مشروبات کے ساتھ ساتھ جیولری اور چوڑیوں کے بھی اسٹالس تھے۔عوام کیلئے تفریح کا سارا سامان میسر کیا گیا۔بازار کو رات دیر گئے تک کھلے رکھنے کی اجازت دی گئی۔عوام کی کثیر تعداد نے تفریحی سرگرمیوں کے درمیان چارمینار کی حقیقی خوبصورتی کا مشاہدہ کیا۔شہر کے مختلف علاقوں کے افراد کے علاوہ اضلاع اور بیرونی ریاستوں کے سیاحوں نے بھی پروگرام میں جوش و خروش کے ساتھ حصہ لیا اور حیدرآبادی کھانوں کا ذائقہ چکھا۔

اختراعی پہل

شہر حیدرآباد میں گزشتہ چند ہفتوں سے حسین ساگر(ٹینک بنڈ) پر ہر اتوار کوسنڈے ۔فن ڈے پروگرام منعقد کیا جارہا ہے جس میں سیاحوں کے بشمول ہزاروں افراد شرکت کررہے ہیں۔ٹینک بنڈ پر پروگرام کی کامیابی کے بعد اسی طرز پر تاریخی چارمینار کے دامن میں پروگرام کا انعقاد عمل میں لایا گیا۔ایک شام چارمینار کے نام پروگرام کے عنوان کے تحت عوام کو تفریح کا سامان مہیا کیا گیا ۔پروگرام میں ہزاروں افراد نے جوش و خروش کے ساتھ حصہ لیا اور مختلف پروگرام سے محظوظ اور لطف اندوز ہوئے۔

awazurdu

ایک یادگار شام جس کے گواہ بنے اہل حیدر آباد

ماحول اور خواتین کے تحفظ سے متعلق شعور بیداری

پروگرام کے دوران عوام میں ماحول کا تحفظ' سرسبز و شادابی ' شجر کاری کی اہمیت و افادیت سے متعلق بھی شعور بیدار کیا گیا۔حمڈا کی جانب سے پروگرام کے شرکاء میں بڑے پیمانہ پر پودوں کی مفت تقسیم عمل میں لائی گئی۔علاوہ ازیں خواتین کے تحفظ' خواتین پر مظالم کی روک تھام سے متعلق سماجی بیداری کے خصوص میں پولیس کی شی ٹیم کی جانب سے اسٹال قائم کیا گیا تھا۔واضح رہے کہ ریاست تلنگانہ میں خواتین کو ہراسانی کی روک تھام' خواتین کے تحفظ اور چھیڑ چھاڑ کے واقعات کے انسداد کیلئے شی ٹیموں کو متعارف کیا گیا ہے۔شی ٹیم کے اسٹال پر پولیس کے اعلیٰ حکام موجود تھے۔اسٹالس پر خواتین کے تحفظ اور خواتین پر مظالم کی روک تھام سے متعلق نعرے تحریر تھے۔

awazurdu

پولیس بینڈ پارٹی بھی بنی توجہ کا مرکز 

تلنگانہ پولیس کے بینڈز 

پروگرام میں خصوصیت کے ساتھ تلنگانہ پولیس کے دو علحدہ بینڈز کا نظم تھا جو موسیقی ریز دھنیں بجا رہے تھے۔پولیس کے میوزک بینڈز کے مظاہرے نے سامعین کا دل جیت لیا۔پولیس بینڈز کی مختلف دھنوں پر نوجوان مسرت سے سرشار ہوکر جھومنے اور رقص کرنے لگے۔چارمینار کا ساراعلاقہ برقی قمقموں سے منور تھا۔بچوں کی تفریح کیلئے خصوصیت کے ساتھ پینٹنگ اور دیگر تفریحی سامان کا نظم کیا گیا تھا۔نوجوانوں کے ساتھ ساتھ خواتین کی کثیر تعداد نے پر فضاء ماحول میں مختلف تفریحی پروگرامس کا بھر پور مزہ اٹھایا۔

awazurdu

دکنی مزاحیہ مشاعرہ

چارمینار کے دامن میں ایک طرف اسٹیج سجایا گیا تھا۔جبکہ دوسری جانب فوڈ اسٹالس قائم کئے گئے تھے۔دکن کی تہذیب اور دکنی زبان کے فروغ کیلئے دکنی مزاحیہ مشاعرہ بھی منعقد کیا گیا۔شعراء نے دکنی انداز میں مزاحیہ کلام سنایا اور ماحول کو زعفران زار بنادیا۔شعراء نے گنگا جمنی تہذیب اور ہندو۔مسلم اتحاد کی اہمیت کو بھی اپنے کلام کے ذریعہ اجاگر کیا۔

ہندو۔مسلم کوجو بھی لڑوائیں

ان سبھی کو کورونا ہوجائے

مشاعرہ میں اس شعر کو سامعین نے کافی پسند کیا۔پروگرام میں بلا لحاظ مذہب و ملت ہزاروں افراد نے شرکت کی۔چارمینار کی چاروں سمت وسیع و عریض سڑکیں تنگ دامنی کا شکوہ کررہی تھیں۔شرکاء کی سہولت کیلئے ٹریفک کی آمد و رفت پر روک لگادی گئی تھی۔ ایک شام چارمینار کے نام پروگرام کامیابی سے ہمکنار رہا۔عوام کے جوش و خروش اور ہجوم کے باعث یہ پروگرام ایک یادگار شام میں تبدیل ہوگیا۔٭٭٭