نئی دہلی: ایک نئی رپورٹ کے مطابق ہندوستان میں سڑکوں پر چلنے والی گاڑیوں سے پیدا ہونے والی فضائی آلودگی عوامی صحت کے لیے سنگین خطرہ بن چکی ہے۔ سال 2024 کے دوران اس آلودگی کے باعث ہر چھ منٹ میں ایک شخص کی قبل از وقت موت ہوئی، جبکہ ہر 34 منٹ میں بچوں میں دمہ (استھما) کا ایک نیا معاملہ سامنے آیا۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ دہلی اور قومی راجدھانی خطہ (این سی آر) اس مسئلے سے غیر متناسب طور پر زیادہ متاثر ہیں۔
ملک کی تقریباً 5 فیصد آبادی این سی آر میں رہتی ہے، لیکن سڑکوں کی آلودگی سے متعلق بچوں میں دمہ کے 23 فیصد معاملات اسی خطے میں ریکارڈ کیے گئے۔ "ہیلتھ بینیفٹس آف زیرو ایمیشن ٹرانسپورٹ تھرو 2050" کے عنوان سے یہ رپورٹ انٹرنیشنل کونسل آن کلین ٹرانسپورٹیشن (ICCT) نے بدھ کے روز جاری کی۔
آئی سی سی ٹی کے سینئر محقق اور اس مطالعے کے شریک مصنف لنگ ژی جن نے کہا، "یہ بوجھ انتہائی غیر مساوی ہے۔ ہندوستان میں سڑکوں کی آلودگی سے متاثر بچوں میں دمہ کے تقریباً ایک چوتھائی معاملات این سی آر میں سامنے آتے ہیں۔ یہ وہ بچے ہیں جو روزمرہ کی سرگرمیوں کے دوران ٹریفک سے پیدا ہونے والی آلودگی کی زد میں رہتے ہیں۔
" رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ملک میں فضائی آلودگی پھیلانے میں بھاری گاڑیوں کا کردار سب سے زیادہ ہے۔ اگرچہ ٹرکوں اور بسوں کی تعداد کل گاڑیوں کے مقابلے میں کم ہے، لیکن وہ آلودگی کے بڑے حصے کی ذمہ دار ہیں۔ رپورٹ کے مطابق 2024 میں سڑکوں کی ٹرانسپورٹ سے خارج ہونے والی نائٹروجن آکسائیڈ (NOx) کے 79 فیصد اور پی ایم 2.5 ذرات کے 64 فیصد اخراج کے لیے بھاری گاڑیاں ذمہ دار تھیں۔
رپورٹ میں سفارش کی گئی ہے کہ کم اخراج اور زیرو ایمیشن گاڑیوں کو تیزی سے فروغ دیا جائے اور ضابطہ جاتی اقدامات کے ذریعے پرانی اور زیادہ آلودگی پھیلانے والی گاڑیوں کو مرحلہ وار سڑکوں سے ہٹایا جائے۔ تجزیے کے مطابق اگر یہ اقدامات مؤثر طریقے سے نافذ کیے جائیں تو اب سے 2050 کے درمیان ہندوستان میں 17 لاکھ قبل از وقت اموات کو روکا جا سکتا ہے۔ لنگ ژی جن نے کہا، "زیادہ آلودگی والے علاقوں میں زیرو ایمیشن گاڑیوں کی طرف تیز رفتار منتقلی عوامی صحت کے تحفظ کا سب سے مؤثر اور براہِ راست طریقہ ہے۔