دیوار پھلانگ کر مزار شہداء پہنچے عمر عبداللہ

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 14-07-2025
دیوار پھلانگ کر مزار شہداء پہنچے عمر عبداللہ
دیوار پھلانگ کر مزار شہداء پہنچے عمر عبداللہ

 



سرینگر/ آواز دی وائس
جموں و کشمیر میں 13 جولائی کو نیشنل کانفرنس (این سی) یوم شہداء کے طور پر منانا چاہتی تھی، تاہم انتظامیہ کی جانب سے اس کی اجازت نہیں دی گئی۔ وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے دعویٰ کیا کہ انہیں نظر بند کر دیا گیا تھا۔ تاہم، آج وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے مبینہ طور پر سیکیورٹی فورسز کے روکنے کے باوجود مزارِ شہداء کی دیوار پھلانگ کر فاتحہ پڑھی۔ ان کا کہنا تھا کہ مجھے آج بھی روکنے کی کوشش کی گئی، ہاتھاپائی بھی ہوئی، پولیس بعض اوقات قانون بھول جاتی ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے کہا کہ یہ افسوسناک ہے کہ جو لوگ صرف سیکیورٹی اور لاء اینڈ آرڈر کے ذمہ دار ہونے کا دعویٰ کرتے ہیں، انہی کی ہدایات پر ہمیں کل مزار پر آکر فاتحہ پڑھنے کی اجازت نہیں دی گئی۔ سب کو صبح سویرے ہی گھروں میں بند کر دیا گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ جب آہستہ آہستہ گیٹ کھلنا شروع ہوا اور میں نے کنٹرول روم کو بتایا کہ میں مزار پر آنا چاہتا ہوں، تو چند ہی منٹوں میں میرے گھر کے باہر بنکر لگا دیا گیا، جو رات 12-1 بجے تک ہٹایا ہی نہیں گیا۔
عمر عبداللہ نے کہا کہ انہوں نے آج کسی کو اطلاع نہیں دی
میں بغیر اطلاع دیے گاڑی میں بیٹھا اور ان کی دیدہ دلیری دیکھیں کہ انہوں نے آج بھی ہمیں روکنے کی کوشش کی۔ میں نے چوک میں گاڑی روکی، سامنے سی آر پی ایف کا بنکر لگا ہوا تھا۔ پھر ہاتھاپائی کی بھی کوشش کی گئی۔ یہ پولیس والے جو وردی پہنتے ہیں، بعض اوقات قانون کو بھول جاتے ہیں۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ میں ان سے پوچھنا چاہتا ہوں کہ کس قانون کے تحت انہوں نے ہمیں روکنے کی کوشش کی؟ اگر کوئی رکاوٹ تھی تو وہ کل کے لیے تھی۔ کہتے ہیں کہ یہ آزاد ملک ہے، لیکن یہ لوگ درمیان میں سمجھتے ہیں کہ ہم ان کے غلام ہیں۔ ہم کسی کے غلام نہیں، ہم اگر غلام ہیں تو یہاں کے لوگوں کے غلام ہیں، ہم اگر خادم ہیں تو یہاں کے عوام کے خادم ہیں۔
ہم نے ان کی کوششوں کو ناکام بنایا– عمر عبداللہ
عمر عبداللہ نے کہا کہ یہ لوگ وردی پہن کر قانون کو پامال کرتے ہیں، یہ میری سمجھ سے باہر ہے۔ ہم نے ان کی تمام کوششوں کو ناکام بنایا۔ انہوں نے ہمیں پکڑنے کی، ہمارے جھنڈے کو پھاڑنے کی کوشش کی، لیکن ان کی ہر کوشش ناکام رہی۔ ہم آئے، ہم نے فاتحہ پڑھی۔
انہوں نے مزید کہا کہ انہیں شاید یہ غلط فہمی ہے کہ 13 جولائی کو ہی یہاں قبریں ہوتی ہیں۔ یہ بھول جاتے ہیں کہ ہمارے شہداء کی قبریں تو سال کے ہر دن یہاں موجود ہیں۔ چلیے اگر 13 جولائی نہ صحیح ، 12 جولائی، 15 جولائی، دسمبر، جنوری، فروری... کب تک روکیں گے؟