نئی دہلی : جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے جمعرات کو ایران میں پھنسے بھارتی شہریوں کی سلامتی کے حوالے سے وزیر خارجہ ایس۔ جے شنکر کے ساتھ ہونے والی اپنی گفتگو کی تفصیلات شیئر کیں۔ وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ وزیر خارجہ نے انہیں ان منصوبوں سے آگاہ کیا جن پر وزارتِ خارجہ اس وقت کام کر رہی ہے۔
عمر عبداللہ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر لکھا، ابھی وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس۔ جے شنکر جی سے ایران میں بدلتی صورتحال کے بارے میں بات ہوئی۔ انہوں نے زمینی صورتحال کا اپنا جائزہ اور وزارتِ خارجہ کے زیرِ غور منصوبے میرے ساتھ شیئر کیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایران میں موجود جموں و کشمیر کے لوگوں کی سلامتی کے بارے میں یقین دہانی ملنے پر وہ شکر گزار ہیں۔
انہوں نے کہا،میں ان کی اس یقین دہانی پر شکر گزار ہوں کہ ایران میں موجود جموں و کشمیر کے طلبہ اور دیگر لوگوں کے مفادات اور جانوں کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔ اس سے قبل آج، پی ڈی پی کی سربراہ محبوبہ مفتی نے وزیر خارجہ ایس۔ جے شنکر اور وزارتِ خارجہ سے اپیل کی تھی کہ ایران میں بڑھتی بدامنی اور مظاہروں کے درمیان پھنسے بھارتی طلبہ کی محفوظ واپسی کو یقینی بنایا جائے۔
محبوبہ مفتی نے ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ میں ایران میں پھنسے ہزاروں بھارتی طلبہ کی سلامتی پر تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے لکھا، ملک بھر سے، بشمول کشمیر، ہزاروں طلبہ موجودہ غیر مستحکم صورتحال کے باعث ایران میں پھنسے ہوئے ہیں۔ اس نے شدید خوف اور بے چینی کو جنم دیا ہے اور والدین اپنے بچوں کی سلامتی کے حوالے سے سخت پریشان ہیں۔ میں @DrSJaishankar اور @MEAIndia سے فوری مداخلت اور طلبہ کی محفوظ واپسی کو یقینی بنانے کی اپیل کرتی ہوں۔
ادھر، تہران میں بھارتی سفارت خانے نے ایران میں موجود بھارتی شہریوں کو جلد از جلد ملک چھوڑنے کا مشورہ دیا ہے۔ سفارت خانے کے بیان میں کہا گیا، حکومتِ ہند کی جانب سے 5 جنوری 2025 کو جاری کی گئی ایڈوائزری کے تسلسل میں اور ایران میں بدلتی صورتحال کے پیش نظر، ایران میں موجود بھارتی شہریوں (طلبہ، زائرین، تاجر اور سیاح) کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ دستیاب ذرائع نقل و حمل، بشمول کمرشل پروازوں کے ذریعے، ایران چھوڑ دیں۔
ایڈوائزری میں دوبارہ زور دیا گیا کہ تمام بھارتی شہری اور پی آئی اوز (ہندوستانی نژاد افراد) مکمل احتیاط برتیں، “مظاہروں یا احتجاجی مقامات سے دور رہیں، ایران میں بھارتی سفارت خانے کے ساتھ رابطے میں رہیں اور کسی بھی پیش رفت کے لیے مقامی میڈیا پر نظر رکھیں۔”
بیان میں مزید کہا گیا،ایران میں موجود تمام بھارتی شہریوں سے گزارش ہے کہ وہ اپنے سفری اور امیگریشن دستاویزات، بشمول پاسپورٹ اور شناختی کارڈ، ہمہ وقت اپنے پاس رکھیں۔ کسی بھی مدد کے لیے وہ بھارتی سفارت خانے سے رابطہ کریں۔ سفارت خانے کی جانب سے ہنگامی رابطہ ہیلپ لائن نمبرز بھی فراہم کیے گئے ہیں۔