نئی دہلی / سری نگر: جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے منگل کو سری نگر کے ایس کے آئی سی سی میں دیہی ترقی کے نئے منصوبوں کے آغاز کے موقع پر مرکزی وزیر شیوراج سنگھ چوہان کی بھرپور تعریف کرتے ہوئے انہیں مرکز کے زیر انتظام علاقے کا “سچا دوست اور خیر خواہ” قرار دیا۔
اس سے قبل شیوراج سنگھ چوہان نے پردھان منتری گرام سڑک یوجنا-4 کے تحت 330 نئی سڑکوں کے منصوبوں کا آغاز کیا، جن سے جموں و کشمیر کی دور دراز کی 363 بستیوں کو فائدہ پہنچے گا۔ عمر عبداللہ نے کہا کہ ان کی حکومت اس بات کو یقینی بنائے گی کہ فراہم کردہ فنڈز کا دانشمندی سے استعمال کیا جائے۔ انہوں نے کہا، “ہماری حکومت ڈیڑھ سال سے اقتدار میں ہے، اور آپ نے بارہا ثابت کیا ہے کہ آپ نہ صرف جموں و کشمیر کے دوست ہیں بلکہ اس کے خیر خواہ بھی ہیں۔”
انہوں نے مزید کہا کہ فی الحال مزید فنڈز مانگنے کی ضرورت نہیں، کیونکہ گزشتہ ایک سال میں اس اسکیم کے تحت جموں و کشمیر کو تقریباً 8000 کروڑ روپے کے منصوبے منظور ہو چکے ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے یقین دہانی کرائی کہ آنے والے چند مہینوں میں ان منصوبوں پر کام شروع کر دیا جائے گا، اور کام سے اطمینان کے بعد مزید منصوبوں کی منظوری کے لیے دوبارہ رابطہ کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ سڑکوں کا بہتر رابطہ دور دراز علاقوں میں رہنے والے لوگوں کی زندگی بدل دیتا ہے، کیونکہ اس سے انہیں تعلیم، صحت اور روزگار تک بہتر رسائی ملتی ہے۔ اس موقع پر شیوراج سنگھ چوہان نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں مرکزی حکومت صرف اعلانات تک محدود نہیں بلکہ زمینی سطح پر ترقیاتی کاموں کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔