ہندوستان اور جارجیا کے مابین اطلاعاتی ٹیکنالوجی اور دوا سازی کے شعبے میں تعاون کے کافی امکانات ہیں: اوم برلا

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 03-12-2025
ہندوستان اور جارجیا کے مابین اطلاعاتی ٹیکنالوجی اور دوا سازی کے شعبے میں تعاون کے کافی امکانات ہیں: اوم برلا
ہندوستان اور جارجیا کے مابین اطلاعاتی ٹیکنالوجی اور دوا سازی کے شعبے میں تعاون کے کافی امکانات ہیں: اوم برلا

 



 نئی دہلی،  لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا نے منگل کے روز کہا کہ ہندوستان اور جارجیا کے درمیان اطلاعاتی ٹیکنالوجی دواسازی صاف توانائی ثقافت اور سیاحت کے شعبوں میں تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ آج انہوں نے جارجیا کے اعلیٰ سطحی پارلیمانی وفد کے ساتھ دو طرفہ ملاقات کی جس کی قیادت جارجیا کی پارلیمنٹ کے چیئرمین شالوا پاپواشویلی کر رہے تھے۔ اس موقع پر دونوں فریقوں نے پارلیمانی تعاون کو آگے بڑھانے نئے ادارہ جاتی روابط قائم کرنے اور تجارت ٹیکنالوجی تعلیم توانائی اور عوامی رابطوں سمیت مختلف شعبوں میں شراکت داری کو فروغ دینے پر بات چیت کی۔

اوم برلا نے بتایا کہ ملاقات میں ادارہ جاتی تعاون کو مضبوط بنانے بہترین طریقہ کار کے تبادلے اور پارلیمانی کمیٹیوں کے کردار کو وسعت دینے پر بھی گفتگو ہوئی۔ انہوں نے ہندوستان کی مختلف پارلیمانی کمیٹیوں کے ڈھانچے اور کام کے طریقوں کی وضاحت کرتے ہوئے فیصلہ سازی اور سیاسی جماعتوں کے درمیان بہتر ہم آہنگی کی اہمیت کو نمایاں کیا۔ ان کے مطابق جمہوری روایات کو مضبوط رکھنے اور قانون سازی کے عمل کو مؤثر بنانے کے لیے باقاعدہ بحث و مباحثہ ناگزیر ہے۔

انہوں نے کہا کہ جارجیا میں خصوصاً فولاد زراعت خدمات اور بنیادی ڈھانچے کے شعبوں میں ہندوستانی سرمایہ کاری میں اضافہ ہو رہا ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ اطلاعاتی ٹیکنالوجی دوا سازی ماحول دوست توانائی ثقافت اور سیاحت میں دو طرفہ تعاون کے بڑے مواقع موجود ہیں۔ اوم برلا نے جارجیا میں زیر تعلیم بڑھتی ہوئی ہندوستانی طلبہ کی تعداد کا ذکر کرتے ہوئے ان کی سہولت تحفظ اور بہتر تعلیمی ماحول فراہم کرنے پر جارجیا کی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے سیاحت کے فروغ اور دونوں ملکوں کے درمیان بہتر رابطے پر بھی اطمینان ظاہر کیا۔

اس سے قبل جارجیا کے وفد نے لوک سبھا کی کارروائی خصوصی گیلری سے ملاحظہ کی۔