نئی دہلی: کانگریس نے جمعہ کو کہا کہ حکومت کی جانب سے پٹرول اور ڈیزل پر محصول (ایکسائز ڈیوٹی) میں کمی کا اعلان چار ریاستوں اور ایک مرکز کے زیر انتظام علاقے میں اسمبلی انتخابات کی وجہ سے کیا گیا ہے۔ پارٹی کے جنرل سیکریٹری جئے رام رمیش نے طنزاً کہا کہ عوام کو 30 اپریل تک انتظار کرنا چاہیے۔ مغربی بنگال میں 29 اپریل کو دوسرے اور آخری مرحلے کے انتخابات ہوں گے۔
حکومت نے مغربی ایشیا میں جاری جنگ کے باعث خام تیل کی عالمی قیمتوں میں اضافے سے نمٹنے کے لیے ہندستان پیٹرولیم کارپوریشن لمیٹڈ (HPCL)، بھارت پیٹرولیم کارپوریشن لمیٹڈ (BPCL) اور انڈین آئل کارپوریشن (IOC) جیسی تیل مارکیٹنگ کمپنیوں کی مدد کے لیے پٹرول پر محصول 3 روپے فی لیٹر اور ڈیزل پر صفر کر دیا ہے۔
رمیش نے ‘X’ پر ایک پوسٹ میں کہا، "جب عالمی سطح پر خام تیل کی قیمتیں گئیں، جیسا کہ پچھلے 12 سالوں میں سات مختلف مواقع پر ہوا، بھارت میں صارفین کی قیمتیں کم نہیں ہوئیں۔ آج کا اعلان اسمبلی انتخابات کی وجہ سے ہے، 30 اپریل تک انتظار کریں۔ کانگریس کے میڈیا سربراہ پون کھیرڑا نے ‘X’ پر پوسٹ کیا، اگر آپ نے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں ‘کم ہونے’ کی خبریں دیکھی اور سوچا کہ حکومت نے آپ کی جیب کو ریلیف دیا ہے تو آپ غلط ہیں۔ فی الحال ڈیلرز اور صارفین کے لیے قیمتیں یکساں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حقیقت میں ‘خصوصی اضافی محصول’ کم کیا گیا ہے، جو تیل مارکیٹنگ کمپنیاں حکومت کو ادا کرتی ہیں۔
کانگریس رہنما نے کہا، مغربی ایشیا میں تنازع شروع ہونے کے بعد سے تیل مارکیٹنگ کمپنیاں نقصان اٹھا رہی ہیں۔ حکومت اب صرف اس بوجھ کا ایک چھوٹا سا حصہ شیئر کرنے پر راضی ہوئی ہے، لیکن ‘خصوصی اضافی’ محصول کو تقریباً ایک ماہ بعد کم کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صارفین کے لیے ریلیف صرف کہانیوں میں ہے، حقیقت میں نہیں۔ کھیڑا نے کہا، حکومت کو خبروں میں دکھائی دینے اور لوگوں کو بے وقوف بنانے کی بجائے صارفین کو حقیقی ریلیف دینے پر توجہ دینی چاہیے۔