دہرادون/ آواز دی وائس
قدم قدم بڑھائے جا، خوشی کے گیت گائے جا، یہ زندگی ہے قوم کی، تو قوم پہ لٹائے جا۔۔۔اسی اعتماد اور جوش و جذبے کے ساتھ 491 آفیسر کیڈیٹس نے ہندوستانی فوج کا حصہ بننے کا اعزاز حاصل کیا۔ ہندوستانی ملٹری اکیڈمی (آئی ایم اے) کی 157ویں ریگولر پاسنگ آؤٹ پریڈ میں مجموعی طور پر 525 آفیسر کیڈیٹس نے اپنی سخت تربیت مکمل کر کے فوج میں شمولیت اختیار کی۔ ان 525 میں سے 491 آفیسر کیڈیٹس نے فوجی افسر کے طور پر ہندوستانی فوج میں کمیشن حاصل کیا، جبکہ 34 آفیسر کیڈیٹس 14 دوست ممالک کی افواج میں شامل ہوئے۔
دہرادون میں واقع ہندوستانی ملٹری اکیڈمی (آئی ایم اے) میں پاسنگ آؤٹ پریڈ (پی او پی) کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر تھل سینا ادھیکش جنرل اُپیندر دویدی نے ریویونگ افسر کے طور پر پریڈ کا معائنہ کیا اور پاس آؤٹ ہونے والے آفیسر کیڈیٹس کی سلامی لی۔ یہ آئی ایم اے کی 157ویں ریگولر پاسنگ آؤٹ پریڈ تھی۔ ہندوستانی ملٹری اکیڈمی کی بنیاد یکم اکتوبر 1932 کو رکھی گئی تھی۔ اکیڈمی کے پہلے بیچ سے 40 کیڈیٹس پاس آؤٹ ہوئے تھے، جسے “دی پائنیر” کے نام سے جانا جاتا ہے۔
گزشتہ نو دہائیوں (93 سال) کی تاریخ میں اکیڈمی نے اپنی تربیتی صلاحیت کو کئی گنا بڑھایا ہے۔ خاص بات یہ ہے کہ جولائی سے یہاں خواتین کیڈیٹس کی تربیت بھی شروع ہو چکی ہے۔ ہفتہ کی پریڈ کے ساتھ ہی آئی ایم اے کے نام ملک و بیرونِ ملک کی افواج کو ساڑھے 66 ہزار سے زائد فوجی افسران فراہم کرنے کا اعزاز بھی جُڑ گیا ہے، جن میں دوست ممالک کو دیے گئے تقریباً تین ہزار فوجی افسران بھی شامل ہیں۔
ان 491 نوجوانوں نے ایک خواب دیکھا تھا کہ وہ ہندوستانی فوج کے افسر بنیں، اس کے شاندار اور بہادرانہ تاریخ کا حصہ بنیں۔ تعلیم مکمل کرنے کے بعد اپنی محنت اور لگن کے بل پر یہ نوجوان اکیڈمی تک پہنچے، جہاں سخت تربیت کے مراحل طے کرتے ہوئے آخرکار انہوں نے اپنے خوابوں کی تعبیر پا لی۔ اب یہ آفیسر کیڈیٹس فوج کا حصہ بن چکے ہیں اور اپنی اپنی تعیناتی پر خدمات انجام دیں گے۔
آئی ایم اے کو ہمیشہ سے دنیا کے سب سے سخت اور باوقار فوجی تربیتی مراکز میں شمار کیا جاتا رہا ہے، جہاں اب خواتین اور مرد کیڈیٹس پہلی بار ایک ساتھ تربیت حاصل کر رہے ہیں۔ قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ دسمبر 2023 میں آئی ایم اے نے کیڈیٹس کو مخاطب کرنے کے لیے استعمال ہونے والی اصطلاح بھی تبدیل کر دی تھی۔ اب انہیں “جینٹل مین کیڈیٹ” کے بجائے “آفیسر کیڈیٹ” کہا جاتا ہے۔ زبان میں یہ تبدیلی فوج میں صنفی مساوات کے نظریے کو واضح کرتی ہے۔
اگلے سال خواتین کیڈیٹس بطور افسر
۔13 دسمبر کو ہونے والی پاسنگ آؤٹ پریڈ وہ آخری موقع ہوگا جب ڈرل اسکوائر پر صرف مرد کیڈیٹس نظر آئیں گے۔ فوج اور سابق فوجیوں کی برادری اس لمحے کو ایک وراثت کے طور پر دیکھ رہی ہے، جبکہ اگلے سال جون میں ہونے والی پاسنگ آؤٹ پریڈ کو “مستقبل کی فوج کی پہلی جھلک” قرار دیا جا رہا ہے۔
اگست 2022 میں 19 خواتین کیڈیٹس کا پہلا بیچ این ڈی اے میں شامل ہوا تھا۔ تین سال کی سخت تربیت کے بعد مئی 2025 میں 18 کیڈیٹس نے گریجویشن مکمل کی، جن میں سے آٹھ نے آئی ایم اے میں داخلہ حاصل کیا۔ 15 جولائی 2025 کو آئی ایم اے کی تاریخ میں ایک نیا باب شامل ہوا، جب یہ آٹھ کیڈیٹس—جنہوں نے این ڈی اے سے اپنے سفر کا آغاز کیا تھا—اب آئی ایم اے میں ایک سالہ سخت تربیت حاصل کر رہی ہیں۔