منتخب شدہ طلبہ میں 90 فیصد مسلمان، ویشنو دیوی میڈیکل کالج میں داخلے کو منسوخ کرنے کا مطالبہ

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 21-11-2025
منتخب شدہ طلبہ میں 90 فیصد مسلمان، ویشنو دیوی میڈیکل کالج میں داخلے کو منسوخ کرنے کا مطالبہ
منتخب شدہ طلبہ میں 90 فیصد مسلمان، ویشنو دیوی میڈیکل کالج میں داخلے کو منسوخ کرنے کا مطالبہ

 



کٹرا- ہندو تنظیموں نے جموں خطے میں زور دار احتجاج شروع کر دیا ہے۔ ان کا مطالبہ ہے کہ کٹرا میں قائم شری ماتا ویشنو دیوی انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل ایکسی لینس اپنی پہلی بیچ کی داخلہ فہرست کو فوراً منسوخ کرے، کیونکہ منتخب ہونے والے تقریباً 90 فیصد طلبہ کشمیر سے تعلق رکھنے والے مسلمان ہیں۔

انڈین اکسپريس کی رپورٹ کے مطابق اودھم پور کے بی جے پی ایم ایل اے آر ایس پٹھانیا نے بھی وشو ہندو پریشد (وی ایچ پی) اور بجرنگ دل کے اس احتجاج کی حمایت کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ایک ایسا ادارہ جو ویشنو دیوی مندر کے عقیدت مندوں کے عطیات سے بنا ہے، اس میں مسلمان طلبہ کی اکثریت نہیں ہونی چاہیے اور نشستیں ہندو طلبہ کے لیے مخصوص ہونی چاہئیں۔لیکن قانون کے مطابق یہ ممکن نہیں، کیونکہ یہ میڈیکل کالج ’’اقلیتی ادارے‘‘ کے طور پر درج نہیں ہے۔اس کے باوجود، وی ایچ پی اور بجرنگ دل نے کالج کے باہر مظاہرے کیے اور یہاں تک کہ ویشنو دیوی شرائن بورڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کا پتلا بھی جلایا۔

یہ تنازع شروع کیسے ہوا؟

یہ سب اس وقت بھڑکا جب جے اینڈ کے بورڈ آف پروفیشنل انٹرنس ایگزامینیشنز (JKBOPEE) نے 50 امیدواروں کی فہرست جاری کی۔
ان میں سے 42 طلبہ کشمیر اور 8 طلبہ جموں کے تھے۔
اب تک 36 طلبہ داخلہ لے چکے ہیں، جن میں سے تین جموں کے ہیں۔

وی ایچ پی کے جے اینڈ کے صدر راجیش گپتا کا کہنا ہے کہ 2025–26 کے داخلے روک دیے جائیں اور اگلے سال زیادہ سے زیادہ ہندو طلبہ کو منتخب کیا جائے۔
بجرنگ دل کے جے اینڈ کے صدر راکیش بجرنگی نے الزام لگایا کہ بورڈ نے جانبداری دکھائی ہے۔ ان کے مطابق کالج کو چاہیے تھا کہ مرکزی NEET پول سے طلبہ منتخب کرتا، کیونکہ ملک بھر کے عقیدت مندوں کے عطیات سے یہ کالج بنایا گیا ہے۔

بجرنگی نے کہا، “ہمیں کشمیر کے طلبہ سے کوئی مسئلہ نہیں، وہ کسی اور میڈیکل کالج میں داخلہ لے سکتے ہیں۔ مگر ویشنو دیوی کالج میں تو ہندو طلبہ کے لیے سیٹیں مخصوص ہونی چاہئیں کیونکہ یہ عقیدت مندوں کے دان سے بنا ہے۔”بی جے پی ایم ایل اے پٹھانیا نے بھی کہا کہ کالج نے حکومت سے ایک پیسہ نہیں لیا اور یہ مکمل طور پر یاتریوں کے عطیات سے چل رہا ہے، اس لیے نشستیں ہندو طلبہ کے لیے محفوظ ہونی چاہئیں کیونکہ یہ زائرین کے مذہبی جذبات کا معاملہ ہے۔