مایور بھنج: ایک حیرت انگیز اور نایاب جنگلی حیات کے واقعے میں ایک نوجوان نر رائل بنگال ٹائیگر نے تقریباً 800 کلومیٹر کا طویل سفر طے کرتے ہوئے سملی پال ٹائیگر ریزرو میں داخل ہو گیا ہے۔
حکام کے مطابق یہ طویل فاصلہ طے کرنے والا سفر ایک غیر معمولی اور پہلی بار ریکارڈ ہونے والا واقعہ قرار دیا جا رہا ہے۔
یہ ٹائیگر جس کی عمر اندازاً 4 سے 5 سال بتائی جاتی ہے اور جو ایک مکمل بالغ نر ہے، کو جاری آل انڈیا ٹائیگر مردم شماری کے دوران لگائے گئے کیمرا ٹریپس کے ذریعے ٹریس کیا گیا۔
سملی پال ٹائیگر ریزرو کے فیلڈ ڈائریکٹر پرکاش چند گوگینی کے مطابق یہ جانور دسمبر اور جنوری کے دوران ریزرو میں داخل ہوا اور اس نے اپنا سفر چھتیس گڑھ کی سمت سے شروع کیا تھا۔
اس نے سندر گڑھ، بنائی جنگلات، دیوگڑھ، دھنکانال اور کاماخیانگر جیسے علاقوں سے گزرتے ہوئے آخرکار سمِلی پال تک رسائی حاصل کی۔ اس پورے سفر کو کیمرا ٹریپس اور سی سی ٹی وی میں ریکارڈ کیا گیا جو ٹائیگر مردم شماری کے لیے نصب کیے گئے تھے۔
اگرچہ اس کا اصل آغاز کہاں سے ہوا یہ ابھی واضح نہیں لیکن حکام کا خیال ہے کہ یہ وسطی بھارت کے ٹائیگر بیلٹ سے آیا ہے۔ یہ پہلا موقع ہے کہ کسی ٹائیگر کو اس طرح طویل فاصلے طے کر کے دوسری ریاست سے قدرتی طور پر سمِلی پال میں داخل ہوتے ہوئے ریکارڈ کیا گیا ہو۔
حکام کے مطابق یہ ٹائیگر اب بھی ریزرو کے اندر موجود ہے اور آئندہ کیمرا ٹریپس اس کی صحت اور نقل و حرکت کے بارے میں مزید معلومات فراہم کریں گے۔
ماہرین کے مطابق کسی بیرونی ٹائیگر کی آمد ایک مثبت اشارہ ہے کیونکہ اس سے جینیاتی تنوع میں اضافہ ہوتا ہے اور پہلے سے الگ تھلگ سمِلی پال کی آبادی میں بہتری آ سکتی ہے۔
سملی پال ٹائیگر ریزرو جو اوڈیشہ کے مایور بھنج ضلع میں 2750 مربع کلومیٹر پر پھیلا ہوا ہے، اپنے منفرد سیاہ (میلانسٹک) ٹائیگرز اور بھرپور حیاتیاتی تنوع کے لیے جانا جاتا ہے۔
جنگلی حیات کے ماہرین اس طویل سفر کو قدرتی جنگلات کے درمیان بہتر رابطے اور ٹائیگرز کی اس فطری جبلت کا ثبوت قرار دے رہے ہیں جس کے تحت وہ نئے علاقوں، خوراک اور ساتھی کی تلاش میں طویل فاصلے طے کرتے ہیں۔