اوڈیشہ سیلاب: 170 سے زیادہ گاؤں زیر آب

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 26-08-2025
اوڈیشہ سیلاب: 170 سے زیادہ گاؤں زیر آب
اوڈیشہ سیلاب: 170 سے زیادہ گاؤں زیر آب

 



بھونیشور/ آواز دی وائس
اوڈیشہ کے شمالی اضلاع بالاسور، بھدرک اور جاجپور کے 170 سے زیادہ گاؤں منگل کو لگاتار دوسرے دن بھی سیلابی پانی میں ڈوبے رہے، جبکہ ہندوستان موسمیات محکمہ (آئی ایم ڈی) نے بنگال کی کھاڑی میں بنے نئے کم دباؤ کے علاقے کے سبب اگلے کچھ دنوں میں بھاری بارش کی وارننگ جاری کی ہے۔ یہ اطلاع حکام نے دی۔
سوبرن ریکھا ندی کے پانی سے بلیاپال، بھوگرائی اور جلیشور کے تین بلاک کے 130 گاؤں سیلاب کی زد میں ہیں، جبکہ جاجپور کے تقریباً 45 گاؤں بیتَرنی ندی کے پانی سے گھرے ہوئے ہیں۔ بھدرک ضلع کے دھام نگر اور بھنڈاری پوکھری بلاک بھی متاثر ہیں۔ حکام نے بتایا کہ کیونجھر اور سندرگڑھ اضلاع کے کچھ گاؤں بھی سیلاب زدہ ہیں۔
ریونیو و آفت مینجمنٹ کے وزیر سریش پجاری نے کہا كہ بیتَرنی ندی کی معاون کانی ندی کے پشتے میں دراڑ آنے سے جاجپور ضلع بری طرح متاثر ہوا ہے۔ میں جاجپور کے متاثرہ علاقوں کا دورہ کر رہا ہوں۔ انہوں نے بتایا کہ متاثرہ اضلاع میں راحت اور بچاؤ کے کام زور و شور سے جاری ہیں۔
وزیر نے بتایا کہ تمام متاثرہ اضلاع سے کئی لوگوں کو نکال کر راحت کیمپوں میں پہنچایا گیا ہے۔ لوگوں کو کھانے پینے کا سامان اور مویشیوں کے لیے چارہ بھی فراہم کیا جا رہا ہے۔
سندرگڑھ ضلع سے ملی ایک رپورٹ کے مطابق، سہج بہال علاقے میں سافی ندی پر بنے پل کو پار کرتے وقت ایک ٹرک تیز بہاؤ میں بہہ گیا۔ گاڑی کا ڈرائیور لاپتہ ہے۔
اس دوران، آئی ایم ڈی نے کہا کہ منگل کی صبح 5:30 بجے اوڈیشہ  کے ساحلی علاقے میں بنگال کی کھاڑی کے شمال مغرب میں ایک نیا کم دباؤ کا علاقہ بنا ہے اور اس کی وجہ سے اگلے چار دنوں میں اوڈیشہ کے مختلف علاقوں میں بھاری سے بہت بھاری بارش کا امکان ہے۔ 26 اور 27 اگست کو بھاری بارش ہونے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔