پرادیپ (اڈیشہ):ہندوستانی کوسٹ گارڈ نے جمعہ کے روز اڈیشہ کے ساحل پر تیز رفتار گشتی جہاز "ادمیہ" کا افتتاح کیا۔ حکام نے یہ اطلاع دی۔ دفاعی پالیسی، مسلح افواج برانچ، سی ایس ڈی اور منصوبہ بندی کے مشترکہ سکریٹری ستیہ جیت مہانتی نے یہاں ایک تقریب میں اس جہاز کو باضابطہ طور پر سروس میں شامل کیا۔
یہ جہاز گوا شپ یارڈ لمیٹڈ کی جانب سے بھارتی کوسٹ گارڈ کے لیے تیار کیے جانے والے آٹھ تیز رفتار گشتی جہازوں میں سے ایک ہے۔ اس گشتی جہاز کو پراڈیپ میں تعینات کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں ایک افسر نے بتایا کہ 50 کلومیٹر فی گھنٹہ (27 ناٹیکل میل) کی رفتار والا یہ گشتی جہاز پراڈیپ میں اس لیے تعینات کیا جا رہا ہے تاکہ مؤثر گشت کو یقینی بنایا جا سکے، دراندازی اور سمندری ڈاکہ زنی پر قابو پایا جا سکے اور سمندر میں پھنسے ہوئے افراد کو بچایا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ اس گشتی جہاز پر پانچ افسران اور 34 دیگر اہلکار تعینات ہوں گے۔ افسر نے مزید بتایا کہ یہ جہاز بھارتی کوسٹ گارڈ کو سمندری قوانین پر عمل درآمد، ساحلی نگرانی، تلاش اور بچاؤ کارروائیوں کے ساتھ ساتھ ہندستان کے خصوصی اقتصادی زون (EEZ) کے تحفظ میں مزید مؤثر بنائے گا۔