نئی دہلی: سپریم کورٹ نے پیر کو وزارتِ ماحولیات، جنگلات اور موسمیاتی تبدیلی کو ہدایت دی کہ پورے ملک میں سروے کرکے یہ معلوم کیا جائے کہ آیا کسی ریاست نے ’ایلیفینٹ کوریڈور‘ (ہاتھیوں کی گزرگاہ) میں کوئی رکاوٹ پیدا کی ہے۔ عدالت نے واضح کیا کہ اگر ایسا کیا گیا ہے تو یہ قابلِ قبول نہیں ہے۔ چیف جسٹس سوریہ کانت، جسٹس جوئے مالیا باگچی اور جسٹس وی. موہنا پر مشتمل بنچ نے واضح کیا کہ ریاستیں فصلوں اور روزگار کو ہونے والے نقصان سے بچنے کے لیے ہاتھیوں کی قدرتی نقل و حرکت کے راستوں میں رکاوٹیں پیدا نہیں کرسکتیں۔
بنچ نے کہا، ’’ہاتھیوں کی نقل و حرکت کے راستے میں کسی بھی طرح کی رکاوٹ ڈالنا یا بندش پیدا کرنا قابلِ قبول نہیں ہے۔ ہمارا موقف بالکل واضح ہے کہ جنگلی حیات کی گزرگاہوں میں کوئی رکاوٹ نہیں ہونی چاہیے۔ ہاتھیوں کے جھنڈ طویل فاصلے تک سفر کرتے ہیں۔ کوئی ریاست یہ نہیں کہہ سکتی کہ فصلیں تباہ ہورہی ہیں، اس لیے ہاتھیوں کی نقل و حرکت کے راستے میں رکاوٹیں کھڑی کرنا ضروری ہے۔‘‘ جسٹس باگچی نے کہا کہ مغربی بنگال میں ہاتھیوں کو بھگانے کے لیے ’فائر بال‘ اور ’اسپائکس‘ کا استعمال کیا جاتا ہے، کیونکہ ہاتھی نیپال سے آتے ہیں اور مغربی بنگال کے راستے جھارکھنڈ اور دیگر ریاستوں میں جاتے ہیں۔
چیف جسٹس نے کہا کہ ہریانہ کے یمنا نگر علاقے میں بھی ہاتھی موجود ہیں اور وہاں سے وہ اتراکھنڈ اور ہماچل پردیش جاتے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا، ’’کوئی ریاست ان کا راستہ نہیں روک سکتی۔‘‘ عدالت نے ہاتھیوں کو بھگانے کے لیے کسی بھی طرح کے فائر بال یا مشعل کے استعمال پر پابندی عائد کردی اور ریاستی حکام کو اس ہدایت پر عمل درآمد یقینی بنانے کا حکم دیا۔ مرکز کو چھ ہفتوں کے اندر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے بنچ نے کہا کہ مختلف ریاستوں سے گزرنے والے ایلیفینٹ کوریڈورز کو بلا رکاوٹ فعال رکھنے کے لیے وزارتِ ماحولیات پہلے ہی ضروری رہنما اصول جاری کرچکی ہے۔
عدالت نے کہا، ’’تاہم کچھ مقامی وجوہات کی بنا پر ایلیفینٹ کوریڈورز میں رکاوٹیں پیدا ہوئی ہیں یا انہیں بند کیا گیا ہے۔ ہم حکومتِ ہند اور متعلقہ وزارت کو ہدایت دیتے ہیں کہ وہ نیا سروے کرے اور تفصیلی رپورٹ پیش کرے۔ رپورٹ میں ان رکاوٹوں کو روکنے کے لیے اٹھائے گئے اقدامات اور شروع کیے گئے منصوبوں کی تفصیلات بھی شامل ہونی چاہئیں۔‘‘ بنچ نے کہا کہ اسٹیٹس رپورٹ میں فائر بال اور مشعل کے استعمال یا جنگلی حیات کے خلاف کسی بھی قسم کے ظالمانہ اقدام سے متعلق معلومات بھی شامل کی جائیں۔
درخواست گزار اور ماحولیاتی کارکن پریرنا سنگھ بندرا اور دیگر کی جانب سے پیش وکیل نے کہا کہ ہاتھیوں کے جھنڈ کا بعض اوقات ہجوم کی طرح پیچھا کیا جاتا ہے، جس سے صورتحال مزید خراب ہوجاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہاتھیوں کی قدرتی نقل و حرکت کے دوران ان کے خلاف آتشیں ہتھیار، آگ کے گولے اور مشعلیں استعمال کرنے سے روکنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جانے چاہئیں۔
چیف جسٹس نے کہا کہ ایسے اقدامات کیے جائیں اور چھ ہفتوں میں پیش کی جانے والی اسٹیٹس رپورٹ کے ذریعے عدالت کو اس سے آگاہ کیا جائے۔ 14 نومبر 2024 کو سپریم کورٹ نے اس درخواست پر سماعت پر رضامندی ظاہر کی تھی، جس میں عدالت کے سابقہ احکامات کی مبینہ خلاف ورزی پر توہینِ عدالت کی کارروائی شروع کرنے کی درخواست کی گئی تھی۔
عدالت نے ریاستی حکام کو ہدایت دی تھی کہ انسانی آبادیوں یا کھیتوں کے قریب آنے والے ہاتھیوں کو بھگانے کے لیے فائر بال کا استعمال نہ کیا جائے۔ بنچ نے مغربی بنگال کے پرنسپل چیف کنزرویٹر آف فاریسٹ (ہیڈ آف فاریسٹ فورس) کو نوٹس جاری کرکے درخواست پر جواب طلب کیا اور معاملے کی اگلی سماعت چار ہفتے بعد مقرر کردی۔