نئی دہلی: سرکاری شعبے کی کمپنی این ٹی پی سی بیرونِ ملک یورینیم کی کانوں کی نشاندہی کے لیے ایک مشیر مقرر کرے گی۔ کمپنی کے ایک عہدیدار نے یہ اطلاع دی۔ یہ قدم کمپنی کی مستقبل میں قائم ہونے والی ایٹمی منصوبوں کے لیے خام مال کو محفوظ کرنے کی حکمتِ عملی کا حصہ ہے۔
این ٹی پی سی نے اس سے پہلے یورینیم کارپوریشن آف انڈیا لمیٹڈ (یو سی آئی ایل) کے ساتھ ایک باضابطہ معاہدہ کیا تھا۔ فی الحال این ٹی پی سی، راجستھان میں تقریباً 42 ہزار کروڑ روپے کی سرمایہ کاری سے انڈین نیوکلئیر پاور کارپوریشن لمیٹڈ (این پی سی آئی ایل) کے ساتھ مشترکہ منصوبہ (جے وی) کے تحت ایک ایٹمی پروجیکٹ قائم کر رہی ہے۔
اس میں این ٹی پی سی کا 49 فیصد حصہ ہے، جبکہ این پی سی آئی ایل کے پاس 51 فیصد اکثریتی حصہ داری ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعرات کو بانسواڑہ میں مشترکہ منصوبہ جاتی اکائی انو شکتی ودیوت نگم لمیٹڈ (اشونی) کی چار گنا 700 میگاواٹ کی ماہی بانسواڑہ راجستھان ایٹمی توانائی پروجیکٹ (ایم بی آر اے پی پی) کی سنگِ بنیاد رکھی۔
این ٹی پی سی کے چیئرمین و منیجنگ ڈائریکٹر گردیپ سنگھ نے حال ہی میں کہا کہ ان کی کمپنی مختلف نیوکلیئر ٹیکنالوجی فراہم کرنے والوں اور ریاستی حکومتوں کے ساتھ مل کر اپنے منصوبے قائم کر رہی ہے۔
کمپنی کے ایک عہدیدار نے پی ٹی آئی۔بھاشا کو بتایا، ’’ہم بیرونِ ملک یورینیم اثاثوں کی مشترکہ تکنیکی و تجارتی جانچ پڑتال کے لیے یو سی آئی ایل کے ساتھ مشترکہ منصوبہ جاتی معاہدے پر دستخط کرنے کے عمل میں ہیں۔ اس تعلق سے ایک تجویز بورڈ کی منظوری کے لیے بھیجی گئی ہے۔
اس کے بعد ہم مشاورت کے لیے معاہدہ کریں گے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ ایک مشیر مقرر ہوگا جو یورینیم کی کانوں کے مقامات کے بارے میں رہنمائی دے گا۔ مزید یہ کہ انہی اثاثوں کے حصول پر فیصلہ اسی بنیاد پر کیا جائے گا۔ عہدیدار نے کہا کہ ذخائر کی مقدار اور لاجسٹک لاگت جیسے معیار کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔