این ایس یو آئی نے این سی ای آر ٹی کی سیاسیات کی کتابیں تیار کرنے والی ٹیم پر نظریاتی جانبداری کا الزام لگایا

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 20-08-2026
این ایس یو آئی نے این سی ای آر ٹی کی سیاسیات کی کتابیں تیار کرنے والی ٹیم پر نظریاتی جانبداری کا الزام لگایا
این ایس یو آئی نے این سی ای آر ٹی کی سیاسیات کی کتابیں تیار کرنے والی ٹیم پر نظریاتی جانبداری کا الزام لگایا

 



نئی دہلی: بھارتیہ نیشنل اسٹوڈنٹس یونین (این ایس یو آئی) نے 11ویں اور 12ویں جماعت کی سیاسیات کی نصابی کتابیں تیار کرنے کے لیے این سی ای آر ٹی کی جانب سے تشکیل نو کی گئی ٹیم پر سوال اٹھاتے ہوئے الزام لگایا ہے کہ اس میں ایسے افراد شامل ہیں جن کے راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) سے وابستہ نظام سے براہ راست یا بالواسطہ تعلقات رہے ہیں۔

این ایس یو آئی نے ٹیم کی تشکیل پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آر ایس ایس اور اس کی طلبہ تنظیم اکھل بھارتیہ ودیارتھی پریشد (اے بی وی پی) سے وابستہ افراد کو ٹیم میں شامل کیے جانے سے اسکولی نصابی کتابوں کی تیاری میں تعلیمی غیر جانب داری اور نظریاتی تنوع پر سوالات اٹھتے ہیں۔

این سی ای آر ٹی کی جانب سے ازسرنو تشکیل دی گئی اس ٹیم کو رواں سال نومبر تک 11ویں جماعت اور اگلے سال جولائی تک 12ویں جماعت کی سیاسیات کی نصابی کتاب تیار کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ نصابی کتاب تیار کرنے والی ٹیم کی قیادت معروف ماہر تعلیم اور سیاسی تجزیہ کار سندیپ شاستری کریں گے، جو کرناٹک میں واقع ڈیِمڈ یونیورسٹی نِٹّے کے نائب صدر ہیں۔

ٹیم میں جواہر لال نہرو یونیورسٹی (جے این یو)، دہلی یونیورسٹی، نیشنل لا یونیورسٹی اور اندرا گاندھی نیشنل اوپن یونیورسٹی (اگنو) سمیت مختلف اداروں کے ماہرین تعلیم اور تعلیمی ماہرین شامل ہیں۔ ٹیم میں کم از کم چار ایسے ماہرین تعلیم اور دانشور بھی شامل ہیں—یادوناتھ دیشپانڈے، پرشانت دیویکر، وندنا مشرا اور روی رمیش چندر شکلا—جن کے اے بی وی پی اور آر ایس ایس سے براہ راست یا بالواسطہ روابط رہے ہیں۔