این ایس اے اجیت ڈوبھال کی نوجوانوں سے تاریخ سے سبق سیکھ کر مضبوط ہندوستان کی تعمیر کی اپیل

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 10-01-2026
این ایس اے اجیت  ڈوبھال کی نوجوانوں سے تاریخ سے سبق سیکھ کر مضبوط ہندوستان کی تعمیر کی اپیل
این ایس اے اجیت ڈوبھال کی نوجوانوں سے تاریخ سے سبق سیکھ کر مضبوط ہندوستان کی تعمیر کی اپیل

 



 نئی دہلی :  قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوبھال نے جمعہ کے روز کہا کہ ہندوستان کی آزادی بہت بھاری قیمت ادا کر کے حاصل ہوئی ہے جس میں کئی نسلوں نے ذلت تباہی اور نقصانات برداشت کیے۔انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ تاریخ سے طاقت حاصل کریں قوم کی ازسرنو تعمیر کریں اور اپنے اقدار حقوق اور نظریات کی بنیاد پر ایک مضبوط اور عظیم ہندوستان کی تشکیل کے لیے کام کریں۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی مقرر کردہ رفتار کے مطابق ہندوستان ایک ترقی یافتہ ملک بن جائے گا چاہے وہ آٹو پائلٹ پر ہی کیوں نہ چل رہا ہو۔

وکست ہندوستان ینگ لیڈرز ڈائیلاگ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اجیت ڈوبھال نے کہا کہ آج کا آزاد ہندوستان ہمیشہ ایسا آزاد نہیں تھا جیسا اب دکھائی دیتا ہے ہمارے آباؤ اجداد نے اس کے لیے عظیم قربانیاں دیں انہوں نے شدید ذلت جھیلی اور گہری بے بسی کے ادوار دیکھے بہت سے لوگوں نے پھانسی کا سامنا کیا ہمارے گاؤں جلائے گئے ہماری تہذیب کو تباہ کیا گیا ہمارے مندروں کو لوٹا گیا اور ہم خاموش تماشائی بن کر سب کچھ دیکھتے رہے یہ تاریخ آج کے ہر نوجوان کے سامنے ایک چیلنج رکھتی ہے کہ اس کے اندر آگ ہونی چاہیے انتقام کا لفظ شاید مناسب نہ ہو لیکن خود انتقام ایک طاقتور جذبہ ہے ہمیں اپنی تاریخ کا بدلہ لینا ہے ہمیں اس ملک کو اس مقام پر واپس لے جانا ہے جہاں ہم اپنے حقوق اپنے خیالات اور اپنے عقائد کی بنیاد پر ایک عظیم ہندوستان تعمیر کر سکیں۔

اجیت ڈوبھال نے کہا کہ ہندوستان کی قدیم تہذیب ترقی یافتہ اور پامن تھی لیکن انہوں نے خبردار کیا کہ ماضی میں سلامتی کے خطرات کو نظرانداز کرنے سے سخت اسباق ملے۔انہوں نے آنے والی نسلوں سے اپیل کی کہ وہ ان اسباق کو یاد رکھیں اور کہا کہ فراموشی اس ملک کے لیے سب سے بڑا المیہ ثابت ہو سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری تہذیب نہایت ترقی یافتہ تھی ہم نے کسی کے مندر نہیں توڑے ہم نے کہیں جا کر لوٹ مار نہیں کی ہم نے کسی ملک یا کسی غیر ملکی قوم پر حملہ نہیں کیا جب دنیا کے بیشتر حصے پسماندہ تھے لیکن ہم اپنی سلامتی اور اپنے وجود کو درپیش خطرات کو سمجھنے میں ناکام رہے تاریخ نے ہمیں اس وقت سبق سکھایا جب ہم ان خطرات سے لاتعلق رہے کیا ہم نے وہ سبق سیکھا کیا ہم اسے یاد رکھیں گے اگر آنے والی نسلیں اس سبق کو بھول گئیں تو یہ اس ملک کے لیے سب سے بڑا المیہ ہوگا۔

وکست ہندوستان ینگ لیڈرز ڈائیلاگ 2.0 کا آج ہفتہ کے روز آغاز ہوا جو 12 جنوری تک نئی دہلی کے ہندوستان منڈپم میں جاری رہے گا۔وکست ہندوستان ینگ لیڈرز ڈائیلاگ کا پہلا ایڈیشن جنوری 2025 میں نئی دہلی کے ہندوستان منڈپم میں منعقد کیا گیا تھا۔