این ایس اے اجیت ڈوبھال کی کینیڈین ہم منصب سے ملاقات

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 20-09-2025
این ایس اے اجیت ڈوبھال کی کینیڈین ہم منصب سے ملاقات
این ایس اے اجیت ڈوبھال کی کینیڈین ہم منصب سے ملاقات

 



نئی دہلی: سفارتی تعلقات کو بہتر بنانے کی ایک اہم پیش رفت کے طور پر ہندوستان کے قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوبھال نے جمعرات کو اپنی کینیڈین ہم منصب ناتالی ڈروئن کے ساتھ نئی دہلی میں دوطرفہ سلامتی مشاورت کی۔ یہ اعلیٰ سطحی مکالمہ تقریباً دو سال بعد ہوا ہے، جب کینیڈا نے خالصتانی علیحدگی پسند ہردیپ سنگھ نِجّھر کے قتل کے معاملے پر الزامات عائد کرکے دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کو جھٹکا دیا تھا۔

یہ ملاقات دونوں ممالک کے سلامتی اداروں کے درمیان پہلی بڑی پیش رفت ہے، جس کے بعد دونوں جانب سے اگست میں نئے ہائی کمشنرز تعینات کیے گئے تھے، ایک طویل سفارتی جمود کے بعد۔ ڈوبھال اور ڈروئن کی ملاقات کو جون میں کیناناسکس میں منعقدہ جی-7 اجلاس کے دوران وزیراعظم نریندر مودی اور کینیڈین وزیراعظم مارک کارنی کے درمیان ملاقات کا تسلسل بھی قرار دیا جا رہا ہے۔

وزارتِ خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے میڈیا بریفنگ میں کہا: یہ دونوں ممالک کے درمیان باقاعدہ دوطرفہ سلامتی مشاورت کا حصہ ہے، جو وقتاً فوقتاً ہوتی رہتی ہے۔ یہ بات چیت ایک ایسے موقع پر ہوئی ہے جب امریکہ میں قائم خالصتانی گروہ ’سِکھس فار جسٹس‘ (SFJ) نے 18 ستمبر کو وینکوور میں بھارتی قونصل خانے کے باہر احتجاجی ’’محاصرہ‘‘ کرنے کا اعلان کیا۔

اس گروپ نے ہندوستان کے نئے ہائی کمشنر دنیش پٹنائک کو نشانہ بناتے ہوئے دھمکی آمیز پوسٹر جاری کیے، جس سے نئی دہلی میں نئی تشویش پیدا ہو گئی۔ اس پر جیسوال نے کہا: ہندوستانی سفارتی دفاتر کی سلامتی کی ذمہ داری میزبان حکومت کی ہے۔ جب بھی کوئی تشویش سامنے آتی ہے، ہم متعلقہ فریق سے، اس معاملے میں کینیڈا سے، بات کرتے ہیں تاکہ ہماری سفارتی عمارتوں کی مناسب حفاظت یقینی بنائی جا سکے۔ SFJ کے اعلان کی تاریخ اُس موقع کے ساتھ ملی جب

ستمبر 2023 میں اُس وقت کے کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے پارلیمنٹ میں دھماکہ خیز بیان دیتے ہوئے الزام لگایا تھا کہ نِجّھر کے قتل میں بھارتی ایجنٹ ملوث ہو سکتے ہیں — جس الزام کو ہندوستان نے سختی اور مستقل طور پر مسترد کیا ہے۔ نِجّھر، جسے ہندوستان کی نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی (NIA) نے دہشت گرد قرار دیا تھا، 18 جون 2023 کو برٹش کولمبیا میں ایک گردوارے کے باہر گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا تھا۔

اطلاعات کے مطابق، ہندوستانی حکام نے جمعرات کی گفتگو میں اپنے سفارتی عملے اور دفاتر کی حفاظت، کینیڈا کی سرزمین پر سرگرم pro-Khalistan عناصر کی سرگرمیوں اور طویل عرصے سے زیر التواء حوالگی کی درخواستوں پر تشویش کا اظہار کیا۔ دوسری جانب، کینیڈین حکام نے بھارت سے تعلق رکھنے والے بین الاقوامی جرائم پیشہ نیٹ ورکس کے حوالے سے اپنی فکرمندی سامنے رکھی۔

واضح ہوکہ مذکورہ ملاقات دونوں ممالک کے درمیان باقاعدہ دوطرفہ سلامتی مکالمے کا حصہ تھی۔ یہ اجلاس وزیراعظم نریندر مودی اور اُن کے کینیڈین ہم منصب مارک کارنی کے درمیان کینیڈا کے البرٹا میں منعقدہ جی-7 سربراہ اجلاس کے دوران ہونے والی گفتگو کو آگے بڑھانے کا بھی موقع تھا۔

وزارتِ خارجہ (ایم ای اے) نے ہفتے کے روز ایک سرکاری بیان میں یہ اطلاع دی۔ دونوں فریقوں نے اس بات کو تسلیم کیا کہ سیاسی قیادت کی اعلیٰ سطح پر اعتماد کو دوبارہ قائم کرنے اور تعاون کو بڑھانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے دہشت گردی کے خلاف سرگرمیوں، بین الاقوامی منظم جرائم سے نمٹنے اور خفیہ معلومات کے تبادلے جیسے شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو آگے بڑھانے پر بات چیت کی۔

دونوں نے سلامتی کے تعاون کو مستحکم کرنے اور موجودہ رابطہ میکانزم کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔ دونوں قومی سلامتی مشیروں نے مستقبل کے تعاون کے شعبوں پر بھی غور کیا اور علاقائی و عالمی حالات پر اپنے خیالات کا تبادلہ کیا۔ وزارتِ خارجہ کے مطابق دونوں فریقوں نے دوطرفہ تعلقات کے ایک نئے باب کے لیے قریبی تعاون کرنے اور شراکت داری کا رویہ اپنانے پر اتفاق کیا۔

ان مذاکرات کی بنیاد پر ہندوستان اور کینیڈا نے 19 ستمبر کو نئی دہلی میں خارجہ دفتر مشاورت (AOC) کا انعقاد کیا۔ اس کی قیادت سکریٹری (مشرقی) پی. کُمارن نے کی جبکہ کینیڈین وفد کی قیادت نائب وزیرِ خارجہ ڈیوڈ موریسن نے کی۔ وزارتِ خارجہ کے مطابق یہ مشاورت وزیراعظم مودی اور وزیراعظم کارنی کے درمیان 17 جون 2025 کو کینیڈا کے کیناناسکس میں منعقدہ جی-7 سربراہ اجلاس کے دوران ہوئی دوطرفہ ملاقات کے بعد منعقد ہوئی۔

ان بات چیت نے ہندوستان-کینیڈا دوطرفہ تعلقات کی صورتِ حال کا جائزہ لینے اور دیگر بین الاقوامی و علاقائی مسائل پر تبادلۂ خیال کرنے کا موقع فراہم کیا۔ دونوں فریقوں نے اس امر کی تصدیق کی کہ ہندوستان-کینیڈا تعلقات مشترکہ جمہوری اقدار، قانون کی حکمرانی کے احترام اور خودمختاری و علاقائی سالمیت کے اصولوں پر مبنی ہیں۔ انہوں نے جون 2025 کے بعد ہونے والی پیش رفت کا خیرمقدم کیا، جس میں ہائی کمشنروں کی واپسی بھی شامل ہے۔

دونوں وزرائے اعظم نے تعلقات میں استحکام بحال کرنے اور ایک تعمیری و متوازن شراکت داری کو آگے بڑھانے کے لیے تجارت، دفاع، توانائی، سول نیوکلئیر، سلامتی و قانون نافذ کرنے، نایاب معدنیات، خلائی شعبہ، سائنس و ٹیکنالوجی اور زراعت جیسے مختلف شعبوں میں دوطرفہ مکالماتی میکانزم کو دوبارہ فعال کرنے کے لیے ضروری اقدامات پر اتفاق کیا تھا۔