نوگام دھماکہ: میرواعظ کا اظہار افسوس

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 15-11-2025
نوگام دھماکہ: میرواعظ کا اظہار افسوس
نوگام دھماکہ: میرواعظ کا اظہار افسوس

 



سری نگر: حریت کانفرنس کے صدر میر واعظ عمر فاروق نے سری نگر کے نوگام پولیس تھانے میں ہونے والے دھماکے میں لوگوں کی ہلاکت پر گہرا دکھ اور افسوس ظاہر کیا اور ذمہ داری طے کرنے کے لیے جامع تحقیقات کی ضرورت پر زور دیا۔ نوگام پولیس تھانے میں جمعہ کی شب ایک حادثاتی دھماکے میں نو افراد ہلاک اور 32 دیگر زخمی ہو گئے۔

دھماکا اس وقت ہوا جب ایک خصوصی ٹیم ہر یانہ کے فرید آباد سے برآمد شدہ دھماکہ خیز مواد کے ایک بڑے ذخیرے کے نمونے لے رہی تھی، جو ایک ‘سفید پوش’ دہشت گرد ماڈیول سے متعلق تحقیقات کے سلسلے میں محفوظ کیا گیا تھا۔

میر واعظ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ‘ایکس’ پر لکھا: نوگام پولیس تھانے میں رات کے وقت ہونے والے اس المناک دھماکے نے سب کو دنگ اور انتہائی افسردہ کر دیا ہے۔ یہ جاننے کے لیے ایک جامع تحقیقات ضروری ہے کہ اتنی بڑی مقدار میں دھماکہ خیز مواد کے ساتھ یہ لاپرواہی کیوں ہوئی، جس کے نتیجے میں یہ تباہ کن واقعہ پیش آیا۔ ذمہ داری طے کی جانی چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ تحقیقات کے نتائج کے بارے میں شفاف معلومات عوام کا حق ہیں۔ میر واعظ نے دعا کی، اللہ ان لوگوں پر رحم کرے جنہوں نے اپنی جانیں گنوا دیں، ان کے خاندانوں کو اس غم کی گھڑی میں صبر اور طاقت عطا کرے اور زخمیوں کو جلد صحت یاب کرے۔ ہماری ہمدردیاں اور دعائیں ہر متاثرہ خاندان کے ساتھ ہیں۔