نئی دہلی/ آواز دی وائس
ہندوستانی ریلوے اپنے سامان سے متعلق ضابطوں کو مزید سخت کرنے کی تیاری میں ہے، جس سے یہ ایئرپورٹ کے اصولوں کے قریب پہنچ جائے گی۔ سامان سے متعلق پابندیاں برسوں سے موجود ہیں، لیکن ان پر عمل آوری شاذ و نادر ہی کی جاتی تھی۔ اب، ریلوے بورڈ نے ان بڑے اسٹیشنوں کی نشاندہی کی ہے جہاں وزن کی مقررہ حد کا سختی سے نفاذ کیا جائے گا۔
ضابطوں کے مطابق، فرسٹ کلاس اے سی کے مسافر 70 کلوگرام تک سامان مفت لے جا سکتے ہیں، جبکہ اے سی ٹو ٹائر کے لیے یہ حد 50 کلوگرام، اے سی تھری ٹائر اور سلیپر کلاس کے لیے 40 کلوگرام اور جنرل کلاس کے لیے 35 کلوگرام ہے۔ ایسے بڑے سائز کے بیگ جن سے بورڈنگ اسپیس متاثر ہو، ان پر جرمانہ عائد کیا جائے گا۔
ایک سینئر ریلوے افسر نے کہا كہ اگر آپ کا سامان مفت حد سے تھوڑا سا زیادہ ہے تو آپ سے عام شرحوں پر فیس وصول کی جائے گی، لیکن مقررہ حد سے کہیں زیادہ ہونے پر جرمانہ لگے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ اضافی سامان کو سفر شروع کرنے سے پہلے سامان دفتر میں بُک کرانا ہوگا۔
ریلوے نے اپنے بیان میں واضح کیا كہ سامان سے متعلق ضابطے پہلے سے موجود ہیں۔ افسران کو مناسب عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت دی گئی ہے اور معیاری ہدایات دستیاب ہیں۔ اسکُوٹر، سائیکل یا دیگر بھاری سامان لے جانے والے مسافروں کو مفت سامان الاؤنس نہیں ملے گا۔ اس اقدام کا مقصد بھیڑ کو کم کرنا، ٹرین میں آسانی سے سوار ہونے کو یقینی بنانا اور حفاظت برقرار رکھنا ہے۔