نئی دہلی/ آواز دی وائس
مرکز کی حکومت نے ہندوستان میں کرائے کے مکان لینے کو آسان بنانے کے لیے نئے “رینٹ رولز 2025” نافذ کر دیے ہیں۔ ان قواعد کے تحت، مکان مالک اور کرایہ دار دونوں کو ساٹھ دنوں کے اندر اپنے کرایے کے معاہدے کو آن لائن رجسٹر کرانا ضروری ہوگا۔ ان اصولوں میں سیکورٹی جمع رقم کی حد طے کی گئی ہے، کرایہ کب اور کیسے بڑھایا جا سکتا ہے یہ واضح کیا گیا ہے، تنازعات کے حل کی مدت طے کی گئی ہے، اور مکان خالی کرانے، مرمت، جانچ اور کرایہ دار کی حفاظت سے متعلق حقوق کو صاف طور پر بیان کیا گیا ہے۔
نئے اصولوں کے تحت سب سے بڑی تبدیلیاں کیا ہیں؟
اب ہر کرایے کا معاہدہ دستخط ہونے کے ساٹھ دنوں کے اندر اندر، ڈیجیٹل اسٹامپ کے ساتھ آن لائن رجسٹر کرنا لازمی ہوگا۔ پہلے کئی ریاستیں ہاتھ سے لکھے ہوئے معاہدوں یا کاغذی اسٹامپ پر کیے گئے ایگریمنٹ کو قبول کر لیتی تھیں۔ نئے اصولوں کا مقصد کرایے کے نظام کو مستحکم اور باضابطہ بنانا اور فراڈ یا زبردستی مکان خالی کرانے جیسے معاملات کو روکنا ہے۔ اگر معاہدہ رجسٹر نہ کرایا جائے تو ریاست کے مطابق پانچ ہزار روپے سے شروع ہونے والا جرمانہ لگ سکتا ہے۔
مکان مالک کتنے مہینے کا سیکورٹی ڈپازٹ لے سکتا ہے؟
رہائشی مکانوں کے لیے دو مہینوں سے زیادہ کا کرایہ بطور جمع رقم نہیں لیا جا سکتا۔
کاروباری مقامات کے لیے یہ حد چھ مہینے رکھی گئی ہے۔
کرایہ صرف بارہ مہینے بعد ہی بڑھایا جا سکتا ہے، اور بڑھانے سے کم از کم نوّے دن پہلے تحریری اطلاع دینا ضروری ہے۔
یہ اصول کرایہ داروں کی حفاظت کیسے کرتے ہیں؟
نئے رینٹ رولز کرایہ داروں کو زیادہ مضبوط قانونی تحفظ فراہم کرتے ہیں۔ مکان مالک رینٹ ٹریبونل کے باضابطہ حکم کے بغیر کسی کرایے دار کو مکان خالی کرنے پر مجبور نہیں کر سکتا۔ مکان مالک کو گھر میں داخل ہونے یا جانچ کرنے سے کم از کم چوبیس گھنٹے پہلے تحریری طور پر اطلاع دینا ہوگی تاکہ کرایہ دار کی نجی زندگی کا احترام برقرار رہے۔
کرایہ دار کا پولیس جانچ (ویری فکیشن) لازمی ہے، جس سے صحیح ریکارڈ تیار ہوتا ہے اور مکان کے غلط استعمال کو روکا جا سکے۔ کسی بھی طرح کی زبردستی، یا بجلی، پانی جیسی بنیادی سہولتیں کاٹنا اب قانون کے مطابق قابلِ سزا جرم ہے۔
مرمت سے متعلق اصول
اگر کسی ضروری مرمت کی ضرورت ہو اور مکان مالک اطلاع ملنے کے تیس دنوں کے اندر مرمت نہ کرائے، تو کرایہ دار خود مرمت کروا سکتا ہے اور اخراجات کا ثبوت پیش کر کے وہ رقم کرایے میں سے منہا کر سکتا ہے۔