نئی دہلی / آواز دی وائس
تین مہینے پہلے دہلی میں گرفتار کیے گئے سی آر پی ایف کے معاون سب انسپکٹر موتی رام جاٹ نے پاکستانی خفیہ ایجنٹ کے بارے میں انکشاف کیا ہے۔ اے ایس آئی نے بتایا کہ اس نے مبینہ طور پر ایک پاکستانی خفیہ ایجنٹ کے ساتھ خفیہ معلومات شیئر کی تھیں، جو بدلے میں ہندوستانی فوج، نیم فوجی دستوں اور حکومت کے ملازمین سے جڑے 15 دیگر فون نمبروں کے رابطے میں تھا۔ یہ جانکاری اس معاملے پر نظر رکھ رہی مرکزی خفیہ ایجنسیوں کے ذرائع نے دی۔
موتی رام کو 27 مئی کو قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) نے گرفتار کیا تھا۔ مرکزی ایجنسیوں کی جانب سے یہ انکشاف کیے جانے کے بعد کہ وہ مبینہ طور پر پاکستانی ایجنٹوں کے ساتھ خفیہ معلومات شیئر کر رہا تھا، اس معاملے کی تفتیش این آئی اے کو سونپی گئی۔ جاٹ پہلگام میں سی آر پی ایف کی ایک بٹالین میں تعینات تھا اور 22 اپریل کو ہونے والے دہشت گردانہ حملے سے صرف پانچ دن پہلے اس کا تبادلہ دہلی ہوا تھا۔ اس حملے میں 26 شہری مارے گئے تھے۔
پاکستانی دہشت گرد ہندوستان کے 15 فون نمبروں کے رابطے میں تھا
خفیہ ایجنسیوں نے پایا ہے کہ جاٹ سے رابطے کے علاوہ پاکستانی دہشت گرد جس کا کوڈ نام سلیم احمد ہے، کم از کم 15 دیگر فون نمبروں کے ساتھ رابطے میں تھا۔ ذرائع نے بتایا، ’’کال ڈٹیل ریکارڈ اور انٹرنیٹ پروٹوکول ڈٹیل ریکارڈ کی جانچ کرنے پر پتہ چلا کہ ان میں سے چار نمبر فوجی جوانوں کے، چار نیم فوجی دستوں کے اور باقی سات مرکز حکومت کے مختلف محکموں کے ملازمین کے ہیں۔ذرائع نے بتایا کہ مرکزی ایجنسیاں ان رابطوں کی جانچ کے لیے تمام ڈیٹا کا تجزیہ کر رہی ہیں۔
کولکتہ سے خریدے گئے سم کارڈ کا او ٹی پی لاہور میں بیٹھے پاکستانی ایجنٹ کو دیا گیا
ذرائع کے مطابق، خفیہ ایجنسیوں کو یہ بھی پتہ چلا ہے کہ جس فون نمبر کے ذریعے اے ایس آئی جاٹ سے رابطہ کیا گیا تھا، اس کا سم کارڈ کولکاتہ سے ایک شخص نے خریدا تھا، جس نے ایکٹیویشن او ٹی پی لاہور میں بیٹھے پاکستانی ایجنٹ کے ساتھ شیئر کیا تھا۔ ذرائع نے بتایا كہ کولکتہ کے اس شخص نے 2007 میں ایک پاکستانی خاتون سے شادی کی تھی اور 2014 میں پاکستان چلا گیا تھا۔ وہ سال میں دو بار کولکاتہ آتا تھا۔
اے ایس آئی نے لاہور میں اپنے ہینڈلر کو خفیہ دستاویزات بھیجے تھے
ذرائع کے مطابق، اب تک کی تفتیش سے یہ سامنے آیا ہے کہ پچھلے دو سالوں میں موٹی رام جاٹ نے مبینہ طور پر لاہور میں اپنے ہینڈلر کو بار بار ادائیگی کے بدلے میں کئی حساس دستاویزات بھیجے تھے، جن کی کل رقم تقریباً 12,000 روپے تھی۔ یہ رقم جاٹ اور اس کی بیوی کے بینک کھاتوں میں دہلی، مہاراشٹر، ہریانہ، اتر پردیش، راجستھان، چھتیس گڑھ، آسام اور مغربی بنگال سمیت کئی جگہوں سے جمع کرائی گئی تھی۔
پیسہ بھیجنے والوں میں سے ایک کی شناخت شہزاد کے طور پر ہوئی ہے، جسے مئی میں اتر پردیش اے ٹی ایس نے کپڑے، مصالحے اور کاسمیٹکس کی سرحد پار اسمگلنگ کرتے ہوئے آئی ایس آئی کے آقاؤں کو مبینہ طور پر خفیہ معلومات دینے کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔ شہزاد نے دعویٰ کیا ہے کہ ایک بار پنجاب سے دہلی جانے والی ٹرین میں ایک ہم سفر نے خاندان کے کسی رکن کو پیسہ بھیجنے کے لیے کہا تھا، تو اس نے جاٹ کو 3,500 روپے ٹرانسفر کیے تھے۔ ذرائع کے مطابق، ’’اس نے دعویٰ کیا کہ اس ہم سفر نے اسے آن لائن لین دین کرنے کے لیے 3,500 روپے نقد دیے تھے۔
پاکستانی افسر نے خود کو صحافی بتایا
ذرائع کے مطابق، اے ایس آئی جاٹ نے دعویٰ کیا کہ ابتدا میں اس سے ایک خاتون نے رابطہ کیا تھا، جس نے خود کو چندی گڑھ میں ایک ٹی وی چینل کی صحافی بتایا تھا۔ ذرائع نے کہا كہ فون اور ویڈیو کال پر باقاعدہ بات چیت کے بعد، اس نے اس کے ساتھ دستاویزات شیئر کرنا شروع کر دیا۔کچھ مہینے بعد، ایک شخص (مبینہ طور پر ایک پاکستانی افسر) نے بات چیت کی کمان سنبھالی اور خود کو ساتھی صحافی بتایا۔
ذرائع نے بتایا کہ موتی رام جاٹ نے مبینہ طور پر سکیورٹی اہلکاروں کی تعیناتی سے متعلق کئی خفیہ دستاویزات، سرکاری واٹس ایپ گروپوں پر پوسٹ کی گئی کثیر ایجنسی مراکز کی رپورٹس، فوجیوں کی نقل و حرکت اور دہشت گردانہ سرگرمیوں کے مقامات کی معلومات فراہم کیں