نئی دہلی/ آواز دی وائس
کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے جمعہ کو کہا کہ اُن کی پارٹی کے اقتدار میں ہونے کے دوران ذات پر مبنی مردم شماری نہ کروانا اُن کی ایک بڑی غلطی تھی، لیکن اب وہ اس غلطی کو درست کرنے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ذات پر مبنی مردم شماری کا مسئلہ ایک "سیاسی زلزلہ" ہے، جس نے ملک کی سیاسی زمین کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔
لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی نے یہاں کانگریس کے ’’او بی سی بھاگیداری نیائے سمیلن‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں 2004 سے سیاست میں ہوں۔ جب میں اپنا جائزہ لیتا ہوں تو دیکھتا ہوں کہ کچھ اچھے کام کیے، تو کچھ کمزوریاں بھی رہ گئیں... قبائلیوں، دلتوں اور اقلیتوں کے مسائل پر مجھے اچھے نمبر ملنے چاہئیں، خواتین کے مسائل پر بھی۔ لیکن جب میں پیچھے مڑ کر دیکھتا ہوں تو ایک بات صاف دکھائی دیتی ہے کہ او بی سی طبقے کے مفادات کی ویسے حفاظت نہیں ہو پائی جیسی ہونی چاہیے تھی۔ یہ میری غلطی تھی کیونکہ اُس وقت مجھے آپ کے مسائل کی گہرائی سمجھ نہیں آئی۔
راہُل گاندھی نے کہا کہ دلتوں کی مشکلات کو سمجھنا آسان ہوتا ہے، قبائلیوں کے مسائل بھی جلدی سمجھ میں آ جاتے ہیں، لیکن او بی سی طبقے کی مشکلات اور ان کے حقوق کے سوالات نظر نہیں آتے۔ مجھے افسوس ہے کہ اگر مجھے اُس وقت آپ کی تاریخ اور مسائل کی بہتر سمجھ ہوتی تو میں اقتدار میں رہتے ہی ذات پر مبنی مردم شماری کروا دیتا۔ وہ وقت نکل گیا، لیکن یہ غلطی میری تھی... یہ کانگریس کی نہیں، بلکہ میری ذاتی غلطی ہے۔
انہوں نے ذات پر مبنی مردم شماری کے حوالے سے کہا کہ یہ ایک سیاسی زلزلہ ہے، جس نے ہندوستان کی سیاسی زمین کو ہلا دیا ہے۔ اس کا جھٹکا شاید آپ نے محسوس نہ کیا ہو، لیکن اس کا اثر ہو چکا ہے۔
راہل گاندھی نے کہا کہ اکیسویں صدی ‘ڈیٹا’ کی صدی ہے۔ (نریندر) مودی جی ڈیٹا کی باتیں کرتے رہتے ہیں۔ پہلے وہ ملک طاقتور مانا جاتا تھا جس کے پاس تیل ہوتا تھا، لیکن آج کا تیل ڈیٹا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈیٹا کمپنیوں کے پاس ہوتا ہے۔ تلنگانہ حکومت کے پاس جو ڈیٹا آیا ہے، اس کی کوئی مثال نہیں۔ آج ہم تلنگانہ میں ایک منٹ میں بتا سکتے ہیں کہ ریاست کے تمام کارپوریٹ اداروں میں کتنے او بی سی اور دلت اعلیٰ عہدوں پر موجود ہیں۔
راہُل گاندھی نے کہا کہ آپ میری بہن (پرینکا گاندھی) سے پوچھ سکتے ہیں کہ جب میں کسی بات کا پکا ارادہ کر لیتا ہوں تو پھر میں پیچھے نہیں ہٹتا... میں ذات پر مبنی مردم شماری کے معاملے میں بھی پیچھے ہٹنے والا نہیں ہوں۔
انہوں نے الزام لگایا کہ بی جے پی اور آر ایس ایس نے او بی سی طبقے کی تاریخ کو مٹانے کی کوشش کی ہے۔ کانگریس لیڈر نے کہا کہ دلت، قبائلی اور او بی سی اس ملک کی ’’پیداواری طاقت‘‘ ہیں، لیکن انہیں اس کا پورا فائدہ نہیں مل رہا۔