پٹنہ/ آواز دی وائس
بہار کی نتیش کمار حکومت نے انتخابات کے سال میں ایک بڑا قدم اٹھاتے ہوئے اساتذہ کی بحالی میں ڈومیسائل پالیسی نافذ کر دی ہے۔ حکومت کے اس فیصلے کو منگل کے روز کابینہ کی منظوری بھی حاصل ہو گئی۔ اُمید کی جا رہی ہے کہ اس پالیسی کا فائدہ بہار کے نوجوانوں کو ملے گا۔ لیکن یہ ضروری نہیں کہ بہار کے تمام نوجوانوں کو اس کا فائدہ حاصل ہو۔ آئیے آپ کو بتاتے ہیں کہ اس پالیسی کا فائدہ بہار کے کن نوجوانوں کو حاصل ہوگا۔
بہار میں اسکول اساتذہ کی تقرری کے لیے ڈومیسائل پالیسی کو منظوری دے دی گئی ہے۔ اس کے لیے تعلیم محکمہ نے "بہار ریاست اسکول اساتذہ (تقرر، تبادلہ، تادیبی کارروائی اور سروس شرائط) (ترمیمی) قواعد 2025" تیار کیے ہیں۔ انہی قواعد کے تحت ریزرویشن دیا جائے گا۔
نتیش حکومت کس طرح دے گی ریزرویشن؟
اس پالیسی کی خاص بات یہ ہے کہ اس کا فائدہ بہار کے تمام طلبہ کو نہیں ملے گا۔ قواعد کے مطابق دوسرے ریاستوں کے طلبہ بھی اس کا فائدہ حاصل کر سکتے ہیں۔ نئے ضوابط کے تحت اسکول اساتذہ کی تقرری میں 40 فیصد نشستیں ان امیدواروں کے لیے مخصوص ہوں گی، جنہوں نے بہار کے تعلیمی اداروں سے دسویں (10ویں) یا بارہویں (12ویں) کا امتحان پاس کیا ہے۔ یعنی اگر کسی دوسرے ریاست کے امیدوار نے بھی بہار کے کسی تعلیمی ادارے سے دسویں یا بارہویں کا امتحان پاس کیا ہے تو وہ اس ریزرویشن کا فائدہ اٹھا سکے گا۔
جبکہ اگر بہار کا کوئی امیدوار دوسرے ریاست سے دسویں یا بارہویں کی تعلیم حاصل کر کے امتحان پاس کرتا ہے تو اسے اس ریزرویشن کا فائدہ نہیں ملے گا۔
بہار میں اساتذہ کی بحالی میں
۔50 فیصد ریزرویشن پسماندہ طبقات (او بی سی)، انتہائی پسماندہ طبقات (ای بی سی)، درج فہرست ذات (ایس سی) اور درج فہرست قبائل (ایس ٹی ) کے لیے ہے۔
۔10 فیصد ریزرویشن اقتصادی طور پر کمزور طبقات (ای ڈبلیو ایس) کے لیے رکھا گیا ہے۔
اس کے بعد بچنے والے 40 فیصد میں سے
۔35 فیصد نشستیں بہار کی خواتین کے لیے مخصوص ہوں گی۔
باقی ماندہ نشستوں میں سے 40 فیصد نشستیں ان امیدواروں کے لیے مخصوص ہوں گی جنہوں نے بہار کے تعلیمی اداروں سے 10ویں یا 12ویں کی تعلیم حاصل کی ہے۔