نئی دہلی: کانگریس کے رکن پارلیمنٹ پون کھیڑا نے 18ویں برکس سربراہی اجلاس سے قبل قومی دارالحکومت کی اہم گزرگاہوں کے اطراف کچی آبادیوں اور کم آمدنی والے علاقوں کو بڑے پردوں اور عارضی رکاوٹوں سے ڈھانپنے پر مرکزی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا۔پون کھیڑا نے حکمراں جماعت کے سیاسی بیانیے پر طنز کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ حکومت غربت کے مسئلے کو حل کرنے کے بجائے غیر ملکی مہمانوں سے ملک کی سماجی اور معاشی حقیقت چھپانے کی کوشش کر رہی ہے۔
انہوں نے سماجی رابطے کی ویب گاہ پر ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’’بی جے پی کے لیے ہر حجاب ناقابل قبول نہیں ہے۔ جو پردہ مودی کی ناکامیوں کو چھپاتا ہے وہ ان کا پسندیدہ ہے۔‘‘دریں اثنا کانگریس کے رکن پارلیمنٹ منیش تیواری نے کہا کہ بدلتی ہوئی عالمی صورت حال کے درمیان برکس آسیان کواڈ اور شنگھائی تعاون تنظیم جیسے پلیٹ فارموں کے ذریعے مسلسل رابطے کا عمل انفرادی ملاقاتوں کے نتائج پر توجہ دینے سے زیادہ اہم ہے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ عالمی نظام ختم ہوچکا ہے لیکن اس کی جگہ ابھی نیا عالمی نظام وجود میں نہیں آیا ہے۔ اے این آئی سے گفتگو کرتے ہوئے تیواری نے کہا کہ دنیا اس وقت غیر یقینی کیفیت سے دوچار ہے اور دوسری عالمی جنگ کے فاتحین کی جانب سے تشکیل دیا گیا پرانا عالمی نظام مکمل طور پر ختم ہوچکا ہے جبکہ اس کی جگہ ابھی تک کوئی نیا نظام قائم نہیں ہوا۔
انہوں نے کہا کہ آسیان علاقائی فورم کواڈ شنگھائی تعاون تنظیم اور برکس سمیت مختلف عالمی پلیٹ فارموں کو ایسے عمل کے طور پر دیکھا جانا چاہیے جہاں ممالک مسلسل ایک دوسرے سے رابطے میں رہ کر مستقبل کی سمت تلاش کر رہے ہیں۔ ان کے مطابق دنیا اس وقت ایک ایسی کیفیت سے گزر رہی ہے جسے اطالوی مفکر انتونیو گرامشی نے ’’دیو قامت عفریتوں کا دور‘‘ قرار دیا تھا اور آج کی صورت حال بھی اس سے ملتی جلتی ہے۔
منیش تیواری نے مزید کہا کہ ان پلیٹ فارموں کے نتائج پر توجہ مرکوز کرنے کے بجائے اس پورے عمل کو مزید فعال اور مضبوط بنانے کی ضرورت ہے تاکہ ممالک اور عوام ایک دوسرے سے مسلسل بات چیت کرتے رہیں۔ ان کے مطابق باہمی رابطے اور گفتگو کے عمل کے ذریعے ہی ایک قابل عمل عالمی نظام وجود میں آسکتا ہے ورنہ دنیا 17ویں اور 18ویں صدی کے نمونوں کی طرف واپس جاسکتی ہے۔
بھارت 12 اور 13 ستمبر کو اپنی 2026 کی صدارت کے تحت 18ویں برکس سربراہی اجلاس کی میزبانی کر رہا ہے۔ بھارت کی صدارت کا موضوع ’’لچک پذیری جدت تعاون اور پائیداری کے لیے تعمیر‘‘ ہے جبکہ ترقی پائیداری اور جدت کو اس کے اہم ترجیحی شعبوں میں شامل کیا گیا ہے۔