لکھنؤ/ آواز دی وائس
سماجوادی پارٹی (سپا) کے صدر اکھلیش یادو نے پیر کو کہا کہ اتر پردیش کے درجنوں اضلاع کے سیکڑوں گاؤں اور کئی شہری علاقے سیلاب کی زد میں ہیں اور لاکھوں کی آبادی بحران میں مبتلا ہے۔
انہوں نے کہا کہ متھرا، آگرہ، علی گڑھ، شاہجہانپور، پیلی بھیت، کانپور دیہات، اوریا، ایٹہ، کانوَج، فرخ آباد، سیتاپور، ہردوئی، وارانسی سمیت کئی اضلاع میں سیلاب سے صورتحال خراب ہے۔
پارٹی کی جانب سے جاری ایک بیان میں انہوں نے الزام لگایا کہ سیلاب سے عام زندگی بحران میں ہے۔ لوگوں کو کھانے پینے کا سامان، دوا اور علاج نہیں مل رہا ہے۔ اس کٹھن وقت میں حکومت کہیں نظر نہیں آ رہی۔ لوگوں کے گھر اور کھیت کھلیان سب تباہ ہو گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سیلاب راحت کے لیے بنی وزیر اعلیٰ کی ’ٹیم الیون‘ کا کچھ پتہ نہیں ہے۔ عوام کو حکومت کی کھوکھلی اعلانات سے کوئی راحت نہیں مل رہی۔ حکومت مصیبت میں پھنسی عوام کو بچانے کے بجائے لفاظی کو ہی اپنی کامیابی مان رہی ہے۔
یادو نے وزیر اعلیٰ کے ہوائی سروے کو صرف سیلابی سیاحت قرار دیتے ہوئے کہا کہ درجنوں اضلاع کے سیکڑوں گاؤں جزیرے بن گئے ہیں، لوگ اپنے گھر چھوڑ کر ادھر اُدھر پناہ لینے پر مجبور ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آگرہ کی درجنوں کالونیوں میں پانی بھر گیا ہے اور متھرا میں جمنا کنارے بازاروں کی دکانیں ڈوب گئی ہیں۔ ایسے میں لوگ چھتوں پر پناہ لینے اور رہنے پر مجبور ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ فیروز آباد کے درجنوں گاؤں میں پانی بھر گیا ہے۔ کھیتیاں ڈوب گئی ہیں۔ ہردوئی میں سیلاب سے قریب سو گاؤں متاثر ہیں۔ کانپور دیہات، فتح پور، غازی پور، بلیا میں بڑی تعداد میں لوگ متاثر ہیں۔ ان اضلاع کے کئی گاؤں پانی میں ڈوبے ہوئے ہیں۔
سابق وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حکومت نے اس مصیبت کے وقت عوام کو خدا کے بھروسے چھوڑ دیا ہے اور سیلاب راحت کے نام پر صرف کاغذی کارروائی ہو رہی ہے۔ ایسے میں عام لوگ کمیابی اور خوف کے سائے میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔