نئی دہلی: مرکزی وزارتِ داخلہ نے کہا ہے کہ مذہبی ظلم و ستم سے بچنے کے لیے افغانستان، بنگلہ دیش اور پاکستان سے 31 دسمبر 2024 تک ہندوستان آنے والے ہندو، سکھ، بدھ، جین، پارسی اور عیسائی برادری کے افراد کو پاسپورٹ یا کسی اور سفری دستاویز کے بغیر بھی ملک میں رہنے کی اجازت دی جائے گی۔
خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کے مطابق، گزشتہ سال نافذ ہونے والے شہریت (ترمیمی) قانون (CAA) کے تحت 31 دسمبر 2014 یا اس سے پہلے ہندوستان آنے والے ان متاثرہ اقلیتوں کو ہندوستانی شہریت فراہم کی جائے گی۔ حال ہی میں نافذ امیگریشن و فارنرز (سِٹیزن) ایکٹ، 2025 کے تحت جاری کیا گیا یہ اہم حکم بڑی تعداد میں لوگوں کو، خاص طور پر ان ہندوؤں کو، راحت دے گا جو 2014 کے بعد ہندوستان آئے اور اپنے مستقبل کو لے کر فکرمند تھے۔
وزارتِ داخلہ کے جاری کردہ حکم کے مطابق: "افغانستان، بنگلہ دیش اور پاکستان کے وہ اقلیتی افراد — ہندو، سکھ، بدھ، جین، پارسی اور عیسائی — جو مذہبی ظلم و ستم یا اس کے خوف کی وجہ سے ہندوستان میں پناہ لینے پر مجبور ہوئے اور 31 دسمبر 2024 کو یا اس سے پہلے بغیر کسی درست سفری دستاویز کے ملک میں داخل ہوئے، انہیں درست پاسپورٹ اور ویزا رکھنے کے قانون سے استثنیٰ دیا جائے گا۔
حکم میں واضح کیا گیا ہے کہ نیپال اور بھوٹان کے شہریوں کو ہندوستان آنے، جانے یا یہاں رہنے کے لیے پاسپورٹ یا ویزا کی ضرورت نہیں ہوگی، بشرطیکہ وہ ہندوستان میں زمینی سرحد کے راستے داخل ہوں۔ یہ نظام پہلے کی طرح ہی جاری رہے گا۔ تاہم، اگر کوئی نیپالی یا بھوٹانی شہری چین، مکاؤ، ہانگ کانگ یا پاکستان سے ہندوستان آتا ہے، تو اس کے پاس درست پاسپورٹ ہونا لازمی ہوگا۔
اسی طرح، ہندوستانی شہریوں کو بھی نیپال یا بھوٹان کی سرحد سے ہندوستان آنے یا جانے کے لیے پاسپورٹ یا ویزا کی ضرورت نہیں ہے۔ لیکن اگر وہ نیپال یا بھوٹان کے علاوہ کسی دوسرے ملک سے ہندوستان واپس آتے ہیں (سوائے چین، مکاؤ، ہانگ کانگ اور پاکستان کے)، تو انہیں درست پاسپورٹ دکھانا ہوگا۔ مزید یہ کہ ہندوستانی فوج، بحریہ اور فضائیہ کے اہلکار جو ڈیوٹی پر ہندوستان میں داخل یا باہر جا رہے ہوں، اور ان کے اہلِ خانہ (اگر وہ سرکاری ٹرانسپورٹ کے ساتھ سفر کر رہے ہوں) کو پاسپورٹ یا ویزا کی ضرورت نہیں ہوگی۔