کوچی: کیرالہ کے تریشور میں واقع مشہور گرووایور شری کرشن مندر سے اصولوں کی خلاف ورزی کا ایک حیران کن واقعہ سامنے آیا ہے۔ ایک غیر ہندو خاتون وی لاگر نے مندر کے تالاب میں اپنے پاؤں دھوتے ہوئے ویڈیو ریکارڈ کی تھی، جس کے بعد تالاب کی تطہیر کے لیے خصوصی رسومات ادا کی جا رہی ہیں۔
بگ باس کی سابق کنٹسٹنٹ اور سوشل میڈیا انفلوئنسر یاسمین جعفر نے مندر کے مقدس تالاب میں اپنے پاؤں دھونے کی ویڈیو بنائی تھی، جس کے بعد مندر انتظامیہ نے تالاب کا تطہیری عمل شروع کر دیا ہے۔ واضح رہے کہ مندر کے تالاب میں ویڈیو بنانا منع ہے اور غیر ہندو افراد کو اس تالاب میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہے۔
گرووایور دیوسوم نے کہا کہ یاسمین جعفر نے اس عمل کے ذریعے مندر کی روایات کی خلاف ورزی کی اور تالاب کو ناپاک کیا۔ اسی وجہ سے مندر میں صبح 5 بجے سے دوپہر 12 بجے تک درشن (زیارت) پر پابندی لگا دی گئی۔ عقیدت مندوں کو دوپہر کے بعد ہی پنیہ کرم (تطہیری رسومات) مکمل ہونے پر اندر داخل ہونے کی اجازت دی گئی۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس واقعے کے بعد چھ دن تک پوجا اور رسومات ادا کی جائیں گی، جن میں 18 پوجائیں اور 18 شیویلیاں شامل ہیں۔ عقیدت مندوں سے گزارش کی گئی ہے کہ وہ عارضی طور پر لگائی گئی پابندیوں کا احترام کریں۔ دیوسوم ایڈمنسٹریٹر او بی ارون کمار نے اس معاملے پر مندر پولیس میں شکایت بھی درج کرائی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ عدالت نے مندر کے مخصوص حصوں میں فوٹوگرافی اور ویڈیوگرافی پر پابندی عائد کر رکھی ہے، لیکن یاسمین نے مندر کے مقدس تالاب کی حرمت پامال کی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ عدالت کے احکامات کے مطابق کیس درج کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ یاسمین جعفر نے یہ ویڈیو چھ دن پہلے بنائی تھی، جسے بعد میں انہوں نے سوشل میڈیا سے ہٹا دیا۔ انہوں نے اس واقعے پر معذرت بھی کی اور کہا کہ انہیں پابندیوں کے بارے میں علم نہیں تھا۔