نوئیڈا: غیر قانونی ہتھیار فروخت کرنے کے الزام میں پانچ افراد گرفتار

Story by  PTI | Posted by  Aamnah Farooque | Date 29-11-2025
نوئیڈا: غیر قانونی ہتھیار فروخت کرنے کے الزام میں پانچ افراد گرفتار
نوئیڈا: غیر قانونی ہتھیار فروخت کرنے کے الزام میں پانچ افراد گرفتار

 



نوئیڈا/ آواز دی وائس
اتر پردیش کے گوتم بدھ نگر ضلع میں پولیس نے غیر قانونی اسلحہ کی خرید و فروخت میں ملوث پانچ بدماشوں کو گرفتار کر لیا۔ ایک سینئر افسر نے ہفتے کے روز یہ اطلاع دی۔ انہوں نے بتایا کہ دھنکور تھانے کی پولیس نے ملزمان کے قبضے سے تین پسٹول، تین تمچے، پچاس ہزار روپے اور دو کاریں برآمد کی ہیں۔
ایڈیشنل ڈپٹی پولیس کمشنر (زون سوم) سدھیر کمار نے بتایا کہ جمعہ کی رات پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ کالے رنگ کی اسکارپیو کار اور نیلے رنگ کی بلیینو کار میں سوار کچھ لوگ غیر قانونی اسلحہ بیچنے کے لیے گریٹر نوئیڈا آئے ہیں۔
اطلاع کی بنیاد پر پولیس نے گاڑیوں کی جانچ شروع کی اور بڑھیا گول چکر کے پاس اسکارپیو اور بلیینو کار کو روک لیا۔ افسر نے بتایا کہ گرفتار کیے گئے ملزمان کی شناخت گجیندر عرف گجّو (دادری)، سمیت کمار عرف گنڈا (کاسنا)، ساگر بھاٹی (گریٹر نوئیڈا), ہرش سنگھل (دھنکور) اور نِکھل بھاٹی (بیٹا-2) کے طور پر ہوئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ملزمان کے پاس سے تین پسٹول 32 بور، 160 کارتوس، تین تمچے 315 بور، چھ کارتوس اور پچاس ہزار روپے برآمد کیے گئے ہیں۔ افسر نے بتایا کہ پوچھ گچھ کے دوران گرفتار شدہ بدماشوں نے انکشاف کیا کہ وہ کافی دنوں سے غیر قانونی اسلحے کی خرید و فروخت میں ملوث ہیں۔
کمار نے بتایا کہ پوچھ گچھ میں ملزمان نے یہ بھی بتایا کہ وہ اسلحہ اور کارتوس متھرا میں جے گرو دیو مندر کے پیچھے رہنے والے بنٹو نامی شخص سے خریدتے تھے اور انہیں بیچ کر جو رقم کماتے تھے اسے عیاشی میں خرچ کر دیتے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ پولیس معاملے کی تفتیش میں مصروف ہے۔