کسانوں پر لاٹھی کا استعمال نہیں کیا جائے گا، این ایچ آر سی نے کھاد کی تقسیم پر سخت نوٹس لیا

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 13-09-2025
 کسانوں پر لاٹھی کا استعمال نہیں کیا جائے گا، این ایچ آر سی نے کھاد کی تقسیم پر سخت نوٹس لیا
کسانوں پر لاٹھی کا استعمال نہیں کیا جائے گا، این ایچ آر سی نے کھاد کی تقسیم پر سخت نوٹس لیا

 



 نئی دہلی: ملک بھر میں کھاد کی شدید قلت اور کسانوں پر پولیس کے مبینہ لاٹھی چارج کے واقعات کے سلسلے میں قومی انسانی حقوق کمیشن (این ایچ آر سی) نے سخت رخ اختیار کیا ہے۔ کمیشن نے پی ایچ آر ایکٹ 1993 کی دفعہ 12 کے تحت ازخود نوٹس لیتے ہوئے تمام ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کو سخت ہدایات جاری کی ہیں۔

شکایت گزار کی فراہم کردہ معلومات اور پیش کردہ ویڈیوز/لنکس کی بنیاد پر کمیشن نے کہا ہے کہ کھاد کی کمی کے باعث کسان، خاص طور پر خریف کے موسم میں، بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔ شکایت میں یہ الزام بھی عائد کیا گیا ہے کہ وقت پر کھاد نہ ملنے سے پریشان کسان جب قطاروں میں کھڑے ہو کر کھاد کے انتظار میں تھے تو پولیس اور انتظامیہ نے ان پر لاٹھی چارج کیا اور طاقت کا استعمال کیا۔

کمیشن نے اسے بادی النظر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے درج ذیل احکامات دیے ہیں:

  1. ریاستوں کے چیف سکریٹریوں کو ہدایت – تمام ضلع مجسٹریٹوں اور متعلقہ افسران کو یہ یقینی بنانے کے احکام دیے جائیں کہ یوریا اور ڈی اے پی جیسی ضروری کھادیں مناسب اور بروقت کسانوں تک پہنچیں۔ ساتھ ہی شکایت میں لگائے گئے الزامات کی تحقیقات کی جائے۔

  2. ریاستوں کے ڈی جی پی کو ہدایت – یہ یقینی بنایا جائے کہ کھاد تقسیم مراکز پر قطار میں کھڑے کسانوں کے ساتھ کوئی سخت رویہ، لاٹھی چارج یا توہین آمیز سلوک نہ ہو۔ اگر ایسی کوئی واردات ہو چکی ہے تو اس کی تفصیلی رپورٹ پیش کی جائے۔

  3. مرکزی حکومت کی وزارتوں کو حکم – وزارت زراعت و کسان فلاح اور وزارت کیمیکلز و کھاد کو دو ہفتوں کے اندر رپورٹ جمع کرنے کے احکام دیے گئے ہیں، جس میں بتایا جائے کہ کسانوں کو کھاد کب اور کس طرح دستیاب کرائی جائے گی تاکہ انہیں کسی قسم کی پریشانی نہ ہو۔

  4. یہ نوٹس کمیشن کے معزز رکن جناب پریانک قانونگو کی صدارت میں لیا گیا۔ کمیشن نے کہا ہے کہ وہ اس پورے معاملے پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہے اور ریاستی حکومتوں سے بروقت رپورٹ حاصل کی جائے گی۔