بنگالی زبان کے ساتھ کسی کو چھیڑ چھاڑ نہیں کرنی چاہئے: ممتا بنرجی

Story by  PTI | Posted by  Aamnah Farooque | Date 05-08-2025
بنگالی زبان کے ساتھ کسی کو چھیڑ چھاڑ نہیں کرنی چاہئے: ممتا بنرجی
بنگالی زبان کے ساتھ کسی کو چھیڑ چھاڑ نہیں کرنی چاہئے: ممتا بنرجی

 



کامارپوکور/ آواز دی وائس
مغربی بنگال کی وزیراعلیٰ ممتا بنرجی نے منگل کے روز کہا کہ کسی کو بھی بنگلہ زبان کے ساتھ کھلواڑ کرنے یا اس کی توہین کرنے کی کوشش نہیں کرنی چاہیے۔ انہوں نے سوال کیا کہ کیا مغربی بنگال کے بغیر ہندوستان ہو سکتا ہے؟
ممتا بنرجی  نے بنگالی ادیب اور قومی ترانے کے خالق رابندر ناتھ ٹیگور اور راشٹریہ گیت کے خالق بنکم چندر چٹوپادھیائے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ  کسی کو بھی ہماری زبان کی توہین یا اس سے چھیڑ چھاڑ کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
کیا بنگلہ کے بغیر ہندوستان کا تصور ممکن ہے؟
وزیراعلیٰ نے رام کرشن پرمہنس کی تعلیمات کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے سب کو بھائی چارے اور خیر سگالی کے ساتھ رہنے کا پیغام دیا۔ انہوں نے ہوگلی ضلع کے کامارپوکور میں رام کرشن مٹھ اور مشن کے گیسٹ ہاؤس کی بنیاد رکھنے کے بعد عوام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں رام کرشن پرمہنس کی تمام مذاہب کے درمیان ہم آہنگی کی تعلیمات پر یقین رکھتی ہوں۔
ہمارے درمیان کوئی تقسیم نہیں ہے، ہم نے رام کرشن پرمہنس سے سیکھا ہے کہ سب کے ساتھ مل کر رہنا چاہیے۔ ریاست میں برسراقتدار ترنمول کانگریس کی سربراہ ممتا بینرجی نے سوامی وویکانند کی تعلیم "اتحاد میں طاقت ہے" کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ میری مادری زبان بنگلہ ہے، بالکل ویسے ہی جیسے نیتا جی سبھاش چندر بوس اور راجہ رام موہن رائے کی تھی۔
انہوں نے مزید کہا کہ سبھی انسانوں کے ساتھ محبت اور عزت سے پیش آنا ہی اصل مذہب ہے۔ ممتا بنرجی نے عوام سے رام کرشن پرمہنس کی کتاب ’کثامرت‘ پڑھنے کی اپیل کی اور کہا کہ لوگ پانی کو مختلف ناموں سے پکارتے ہیں، لیکن وہ سب ایک ہی چیز ہے۔
انہوں نے مغربی مدن پور ضلع کے سیلاب زدہ علاقے گھاٹال کے دورے سے قبل کہا کہ اسی طرح، ماں کو بھی مختلف ناموں سے پکارا جاتا ہے، مگر وہ سب ایک ہی ہیں۔
آخر میں وزیراعلیٰ نے جئے رام بتی-کامارپوکور ڈیولپمنٹ بورڈ کے قیام کا اعلان بھی کیا، جس کے صدر کامارپوکور کے رام کرشن مٹھ کے سکریٹری سوامی لوکوتارانند ہوں گے۔