نئی دہلی: عام آدمی پارٹی (آپ) سے بغاوت کر کے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) میں شامل ہونے والی سواتی مالیوال نے ہفتے کے روز الزام لگایا کہ ان کی سابقہ پارٹی اپنے بنیادی اصولوں سے “بھٹک گئی” ہے اور اس کے رہنما اروند کیجریوال اب پہلے جیسے نہیں رہے۔ دہلی میں اقتدار کھونے کے صرف ایک سال بعد ‘آپ’ کو جمعہ کے روز بڑا جھٹکا اس وقت لگا جب راگھو چڈھا اور مالیوال سمیت سات راجیہ سبھا اراکین نے ایک ساتھ پارٹی چھوڑ دی۔
باغیوں میں پارٹی کے اہم رہنما سندیپ پاٹھک، سابق کرکٹر ہربھجن سنگھ، اشوک مِتّل، راجندر گپتا اور وکرم ساہنی بھی شامل ہیں۔ بی جے پی میں شامل ہونے کے بعد مالیوال نے وزیر اعظم نریندر مودی کی “فیصلہ کن اور مضبوط قیادت” کی تعریف کی۔
مالیوال نے ‘پی ٹی آئی ویڈیو’ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا: “میں نے گھر چھوڑا، سات سال جھگیوں میں رہی، نوکری چھوڑ دی اور ہر تحریک میں حصہ لیا۔ لیکن جب کیجریوال کے گھر ان کے ساتھی نے مجھ پر حملہ کیا اور میں نے ایف آئی آر درج کرانے کی کوشش کی تو مجھے ہی دبایا گیا۔” انہوں نے دعویٰ کیا کہ شکایت کو آگے بڑھانے کی کوشش کے دوران انہیں “دھمکایا اور دباؤ میں رکھا گیا”۔ انہوں نے کہا: “دو سال تک مجھ پر کیس واپس لینے کا دباؤ ڈالا گیا، لیکن میں نہیں جھکی۔ اسی وجہ سے پارٹی نے مجھے پارلیمنٹ میں ایک منٹ بھی بولنے کا موقع نہیں دیا۔”
مالیوال نے الزام لگایا کہ عام آدمی پارٹی مکمل طور پر بدل چکی ہے اور اب “جھوٹ، بدعنوانی اور غنڈہ گردی” کے لیے جانی جاتی ہے۔ راجیہ سبھا رکن نے کہا: “اصل غداری پارٹی چھوڑنا نہیں بلکہ اپنے اصولوں کو چھوڑنا ہے۔ لوگ خوف سے نہیں بلکہ کیجریوال کی وجہ سے پارٹی چھوڑ رہے ہیں۔” انہوں نے دعویٰ کیا کہ آنے والے دنوں میں مزید رہنما بھی پارٹی چھوڑیں گے۔
کیجریوال کے بارے میں انہوں نے کہا: “ان کے ساتھ کوئی بھی اچھا انسان زیادہ عرصہ کام نہیں کر سکتا۔ وہ کچھ کہتے ہیں اور کچھ اور کرتے ہیں۔” مالیوال نے کہا کہ ایک وقت تھا جب کیجریوال خود کو “عام آدمی” کے طور پر پیش کرتے تھے، لیکن اب بہت کچھ بدل چکا ہے۔ انہوں نے کہا: “ایک وقت تھا جب وہ دو روپے کی قلم رکھتے تھے اور سادہ کپڑے پہنتے تھے، لیکن آج ان کا انداز ہی بدل گیا ہے۔”
انہوں نے الزام لگایا کہ کیجریوال نے کئی “شیش محل” بنائے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ دہلی میں شکست کے بعد کیجریوال پنجاب حکومت کو “ریموٹ کنٹرول” سے چلا رہے ہیں۔ مالیوال نے کہا: “پنجاب حکومت ایک نجی اے ٹی ایم بن گئی ہے۔ غیر قانونی ریت کان کنی اور منشیات کا کاروبار کھلے عام ہو رہا ہے اور بدعنوانی عروج پر ہے۔” انہوں نے دعویٰ کیا کہ پنجاب کے لوگ ‘آپ’ کے طرز حکمرانی سے ناخوش ہیں۔
مالیوال نے کہا: “جو لوگ کبھی اسکوٹر پر آتے تھے، آج ان کے پاس بڑے گھر، گاڑیاں اور کاروبار ہیں—اور یہ سب کیجریوال کی سرپرستی میں ہو رہا ہے۔” دہلی کمیشن برائے خواتین کی سابق چیئرپرسن نے کہا کہ بی جے پی میں شامل ہونے کا فیصلہ انہوں نے سوچ سمجھ کر کیا ہے، نہ کہ کسی مجبوری میں۔
وزیر اعظم نریندر مودی کے بارے میں انہوں نے کہا: “ان کی قیادت میں بھارت تیزی سے ترقی کر رہا ہے اور ان کی سفارت کاری کی وجہ سے ملک عالمی سطح پر مضبوط ہو کر ابھرا ہے۔” انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ اور سی بی آئی کے خوف سے پارٹی بدلنے کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے انہوں نے کہا: “میں ڈرنے والوں میں سے نہیں ہوں۔ میں دل سے بی جے پی میں شامل ہوئی ہوں۔ اگر چاہتی تو دو سال پہلے ہی جا سکتی تھی۔
” ادھر ‘آپ’ کے رہنما سنجے سنگھ نے کہا کہ پارٹی ساتوں باغی ارکان کو راجیہ سبھا سے نااہل قرار دلوانے کے لیے چیئرمین کو خط لکھے گی۔ انہوں نے کہا: “انسدادِ انحراف قانون کے مطابق راجیہ سبھا یا لوک سبھا میں کسی بھی قسم کی تقسیم یا گروہ بندی کو قانونی حیثیت حاصل نہیں، چاہے دو تہائی اکثریت ہی کیوں نہ ہو۔” انہوں نے اس پورے معاملے کو بی جے پی کے “آپریشن لوٹس” کا حصہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب کی عوام ان ساتوں کو کبھی معاف نہیں کرے گی۔ مالیوال 2024 میں ‘آپ’ کے ٹکٹ پر راجیہ سبھا پہنچی تھیں اور اس سے قبل وہ دہلی کمیشن برائے خواتین کی چیئرپرسن رہ چکی ہیں۔